دینی مدارس کا تعلق دہشت گردی سے جوڑنا انصاف کا قتل ہے،مدارس ملکی نظریاتی سرحدات کے تحفظ کے مراکز ہیں، قاری محمد عثمان،

دہشت گردی میں پھا نسی کی سزا پانیوالے مجرموں میں سے کسی کا تعلق دینی مدارس سے نہیں، علماء مذہبی جماعتوں ، دینی مدارس نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ،علماء سے گفتگو

ہفتہ 27 دسمبر 2014 22:21

دینی مدارس کا تعلق دہشت گردی سے جوڑنا انصاف کا قتل ہے،مدارس ملکی نظریاتی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ دینی مدارس کا تعلق دہشت گردی سے جوڑنا انصاف کا قتل ہے۔ دینی مدارس ملک کی نظریاتی سرحدات کے تحفظ کے مراکز ہیں۔ دہشت گردی میں پھا نسی سزا پانے والے مجرموں میں سے کسی کا تعلق دینی مدارس سے نہیں۔ علماء کرام مذہبی جماعتوں اور دینی مدارس نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں جماعتی رہنماوٴں اور علماء کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مولانا عمر صادق ، مولانا سید حماد اللہ شاہ ، قاضی امین الحق آزاد، قاری امین الدین ہزاروی ، اور دیگر موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ سانحہ پشاور نے پوری پاکستانی قوم کو دکھ اور اذیت میں مبتلاء کیا ہے اور ہر پاکستانی نے اس واقعہ کی بھرپور مذمت کی ۔

(جاری ہے)

علماء کرام دینی مدارس نے بھی اس واقعہ کی نہ صرف مذمت کی بلکہ اس کے خلاف صدائے احتجاج بھی بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ٴ پشاور نے انسانیت کا سر شرم سے جھکادیا ہے۔ اور اس درندگی کی جس قدر مذت کی جائے وہ کم ہے۔ اور ان درندوں کے خلاف کاروائی ہونے چاہئے ۔لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ اس واقعہ کی آڑ میں کچھ لوگ دینی مدارس کے خلاف پروپیگنڈہ میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کو بدنام کرنا مغرب کا ایجنڈا ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ دینی مدارس ،علماء کرام ،مذہبی جماعتیں خود دہشت گردی کا شکار ہیں ۔ اور دینی مدارس نے ہمیشہ دہشت گردی کی بھرپور مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ سانحہ ٴ پشاور کی آڑ میں دینی مدارس کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ ملک و ملت کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کی سرگرمیاں صرف تعلیم و اصلاح کی حد تک محدود ہیں ۔ ان اداروں کے تعلیمی ماحول کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنا انصاف کا قتل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام دینی مداس کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :