کراچی سے لاہور آنیوالی نجی ائیر لائن کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی ،رن وے بند ہونے سے فلائٹ آپریشن تعطل کا شکار،نجی ائیر لائن کا طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر گیا، ایئرپورٹ پر ایمر جنسی نافذ ،مسافروں اور عملے کو بحفاظت اتار لیا گیا،مشینری نہ ہونے کے باعث طیارے کو کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود رن وے سے نہ ہٹایا جا سکا،کئی پروازیں لینڈنگ اور ٹیک آف نہ کر سکیں،پنٹینگولر کپ میں شرکت کیلئے لاہور سے کراچی جانیوالے 4قومی کرکٹرز بھی روانہ ہو سکے ،بذریعہ سڑک اسلام آباد اور پھر کراچی جانا پڑا

منگل 30 دسمبر 2014 20:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30دسمبر۔2014ء) کراچی سے لاہور آنے والی نجی ائیر لائن کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی ،نجی ائیر لائن کا طیارہ این ایل 148لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر گیا، حادثے کے بعد لاہور ایئرپورٹ پر ایمر جنسی نافذ کر دی گئی جبکہ امدادی ٹیموں نے تمام مسافروں اور عملے کو طیارے سے بحفاظت اتار لیا ، رن وے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا جسکے باعث فلائٹ آپریشن تعطل کا شکار ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز این ایل 148 علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرلینڈنگ کے دوران پھسل کر رن وے سے نیچے اتر گیا تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے ۔ائیر پورٹ انتظامیہ نے واقعہ کے بعد ایمر جنسی نافذ کر دی جبکہ امدادی ٹیمیں اورتکنیکی عملہ جہاز کے قریب پہنچ گیا اور مسافروں اور عملے کے ارکان کو بحفاظت طیارے سے نیچے اتار لیا گیا ۔

(جاری ہے)

جہاز کا کچھ حصہ رن وے پر ہونے کے باعث اسے عارضی طو رپر بند کر دیا گیا ۔ذرائع کے مطابق طیارے کے پائلٹ نے مہارت کے ساتھ طیارے کو کنٹرول کر لیا اور تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ائیرلائن کو پیش آنیوالے حادثے کی وجوہات کے حتمی تعین کیلئے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ مشینری نہ ہونے کے باعث طیارے کو کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود مرکزی رن وے سے ہٹایا نہیں جا سکا اور مرکزی رن ہونے کی وجہ سے یہاں سے بڑے جہازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف نہ ہو سکا۔

متبادل کے طور پر چھوٹے رن وے پر لینڈنگ کی جاتی تاہم ٹیک آف میں مشکلات درپیش رہیں۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق رن وے بند ہونے کی وجہ سے سعودی عرب اور کراچی سے آنے والی پروازوں کو واپس بھجوا دیا گیا جبکہ اسی طرح لاہور ائیر پورٹ سے اندرون اور بیرون ممالک جانے والی پروازوں کا شیڈول تاخیر کا شکاررہا۔علاوہ ازیں نجی ائیر لائن کی طرف سے لاہور سے کراچی جانے والے4قومی کرکٹرز سمیت تیس مسافروں کو آف لوڈ کردیاگیا تھا اور قومی کرکٹرز نے کراچی سے لاہور آتے ہوئے حادثے کا شکار ہونیوالی پرواز کے ذریعے کراچی میں پین ٹینگولر سیریز میں شرکت کے لئے جانا تھا تاہم جہاز کی روانگی نہ ہونے کے باعث قومی کرکٹر ز محمد عرفان ،احسان عادل ،ذوالفقار بابراور اظہر علی بذریعہ سڑک اسلام آباد اور پھر وہاں سے کراچی کیلئے روانہ ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :