تھرپارکر میں مزید 5 بچے غذائی قلت سے موت کا شکار، مجموعی تعداد 261 ہوگئی

بدھ 31 دسمبر 2014 11:10

تھرپارکر میں مزید 5 بچے غذائی قلت سے موت کا شکار، مجموعی تعداد 261 ہوگئی

تھرپاکر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31دسمبر 2014ء) تھرپارکر میں آج مزید پانچ بچے غذائی قلت کی بھینٹ چڑھ گئے ، اکانوے روز میں ہلاکتوں کی تعداد دو سو اکسٹھ ہوگئی ، متاثرین امدادی اشیاء، پانی ، خوراک اور ادویات کو ترس رہے ہیں۔ ہر روز ایک نیا ماتم اور سسکیاں ، صحرائے تھر میں بھوک ، بیماری اور موت نے مکینوں کی زندگی جہنم بنا دی ۔ درجنوں ماؤں کی گودیں اجڑ چکی ہیں ، مٹھی اور کھنیسر میں مزید پانچ پھول کھلنے سے پہلے مرجھا گئے ۔

(جاری ہے)

اپنے لعل ہمیشہ کیلئے کھو دینے پر والدین غم سے نڈھال ہوگئے ۔ دوسری جانب طبی سہولتوں کی عدم دستیابی سے بیماروں کی زندگی پر موت کے سائے منڈلا رہے ہیں ۔ سیکڑوں دیہات میں بھوک ناچ رہی ہے ، حکومت سندھ کی تمام تر کارروائیاں تاحال بے سود رہیں ۔ متاثرین امدادی اشیاء، پانی ، خوراک ، اور ادویات کو ترس رہے ہیں،انتظامیہ اور محکمہ صحت کے دعوؤں کے باوجود متاثرہ دیہات میں میڈیکل ٹیمیں مقرر نہیں کی جا سکیں جس کے باعث جان لیوا امراض میں اضافہ ہو گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :