پی آئی اے کی لندن سے لاہور آنیوالی پرواز کی ہنگامی لینڈنگ ،خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے ،دوسرا رن وے بھی بند ہونے سے پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہو گیا ،پرواز نے ہنگامی نہیں معمول کے مطابق لینڈنگ کی ،ہائیڈرالوجک جام ہو گیا ‘ ترجمان پی آئی اے/ ڈھائی سے تین گھنٹے بعد رن وے کلیئر کر لیا گیا ، مرکزی رن وے پر کھڑے نجی ائیر لائن کے طیارے کو دوسرے روز بھی نہ ہٹایا جاسکا ،مشینری اور انجینئرز کی ٹیم کراچی سے لاہو رپہنچ گئی،چار نجی ائیر لائنز نے لاہور کیلئے تمام پروازیں منسوخ کر دیں،مسافروں کو ائیر پورٹ سے ہوٹل منتقل کر دیا گیا،دبئی سے آنیوالی پرواز کو سیالکوٹ اتار لیاگیا،دبئی جانیوالے مسافر بسوں کے ذریعے سیالکوٹ روانہ ،لندن جانیوالے مسافروں کو بسوں کے ذریعے اسلام آباد بھجوا دیا گیا ،اسلام آباد سے روانہ ہوئے

بدھ 31 دسمبر 2014 20:51

پی آئی اے کی لندن سے لاہور آنیوالی پرواز کی ہنگامی لینڈنگ ،خوش قسمتی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31دسمبر۔2014ء) پی آئی اے کی لندن سے لاہور آنے والی پرواز نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تاہم خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے ،ہنگامی لینڈنگ کے بعد دوسرا رن وے بھی بند گیا جس سے پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ،پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پرواز نے ہنگامی نہیں معمول کے مطابق لینڈنگ کی ،اس کا ہائیڈرالوجک جام ہو گیا ، مرکزی رن وے پر کھڑے نجی ائیر لائن کے طیارے کو دوسرے روز بھی نہ ہٹایا جاسکا جسکے بعد چار نجی ائیر لائنز نے اپنی لاہور کیلئے تمام پروازیں منسوخ کر دیں۔

بتایا گیا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پی آئی اے کی لندن سے لاہور آنیوالی پرواز پی کے 758کی ہنگامی لینڈنگ ہوئی،اس دوران طیارے کو معمولی نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق لینڈنگ کے دوران جہاز کے ٹائر جام ہوگئے تاہم خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے۔پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق جہاز نے ہنگامی نہیں بلکہ معمول کے مطابق لینڈنگ کی ،اس کا ہائیڈرالوجک جام ہو گیا ۔

جسکے بعد لاہور ائیر پورٹ کا دوسرا رن وے بھی پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا ۔صورتحال کے تناظر میں امدادی ٹیمیں رن وے پر پہنچ گئیں اور مسافروں اور عملے کے ارکان کو طیارے سے نیچے اتار لیا گیا ۔اس سے قبل منگل کے روز نجی ائیر لائن کا طیارہ مرکزی رن وے پر لینڈنگ کے دوران پھسل کر کچے میں اتر گیا تھا جسکے بعد یہ رن وے پروازوں کیلئے بند تھا اور چھوٹے رن وے کو استعمال کیا جارہا تھا ۔

دونوں رن وے بند ہونے کے بعد لاہور ائیر پورٹ سے پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ۔ڈھائی سے تین گھنٹے کی کوششوں کے بعد چھوٹے رن وے کو کلیئر کرلیا گیا جسکے بعد اس سے چھوٹے جہازوں کی آمد و روانگی کاسلسلہ شروع ہو گیا ۔ جہازوں کا شیڈول درہم برہم ہونے کے بعد مسافروں کو شدید مشکلات درپیش رہیں اور مسافروں اور انکے رشتہ داروں کی عملے سے تلخ کلامی ہوتی رہی ۔

ذرائع کے مطابق چار نجی ائیر لائنز نے لاہور کیلئے اپنی تمام پروازیں منسوخ کردیں جبکہ لاہور سے روانہ ہونیوالی پروازیں منسوخ ہونے کے بعد مسافروں کو ائیرپورٹ سے ہوٹل منتقل کر دیا گیا ۔نجی ائیر لائن کی دبئی سے آنے والی پرواز کو سیالکوٹ اتار لیا گیا جسکے بعد لاہور سے اس پرواز کے ذریعے روانہ ہونے والے مسافروں کو بسوں کے ذریعے سیالکوٹ روانہ کر دیاگیا جو سیالکوٹ سے دبئی کے لئے روانہ ہوئے ۔

لندن جانے والی پرواز کے مسافروں کو بسوں کے ذریعے اسلام آباد روانہ کر دیا گیا جنہیں اسلام آبا د سے لندن کے لئے روانہ کیا گیا ۔ مرکزی رن وے پر کھڑے نجی ائیر لائن کے جہاز کو ہٹانے کے لئے مشینری اور انجینئرز چوبیس گھنٹے بعد لاہور پہنچ گئے ۔ ذرائع کے مطابق مشینری اور انجینئرز کی ٹیم کے لاہور پہنچنے کے بعد دو سے تین گھنٹے تک جہاز کا جائزہ لیا جاتا رہا جسکے بعد جہاز کو ہٹانے کے لئے مزید چار سے پانچ گھنٹے درکار ہوں گے ۔

ذرائع کے مطابق چھوٹا رن وے انٹرنیشنل فلائٹس کی لینڈنگ کیلئے مناست نہیں اسی کے باعث نجی ائیر لائنز نے اپنی لاہور کے لئے پروازیں منسوخ کی ہیں۔دوسری طرف نجی ائیرلائنز کے طیارے حادثے کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق نجی ائیرلائنز کے طیارے سے لینڈنگ سے قبل سو فٹ کی اونچائی پر پرندہ ٹکرایا تھا، پرندہ ٹکرانے سے نوز وہیل کنٹرول کرنے والی تاریں کٹ گئیں۔