تحریک انصاف کے 3 رکن قومی اسمبلی انجینئر حامد الحق خلیل ، جنید اکبر اور قیصر جمال کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد ، صحافیوں نے خوش آمدید کہا

جمعرات 1 جنوری 2015 14:45

تحریک انصاف کے 3 رکن قومی اسمبلی انجینئر حامد الحق خلیل ، جنید اکبر ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے 3 رکن قومی اسمبلی انجینئر حامد الحق خلیل ، جنید اکبر اور قیصر جمال کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد ، صحافیوں نے خوش آمدید کہا ۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی انجینئر جنید اکبر نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ تمام معاملات طریقے سے حل ہوجائیں ۔ عمران خان ہمارے بچوں کے مستقبل کے حوالے سے سب کچھ کررہے ہیں ہماری خواہش ہے کہ پارلیمنٹ کے ذریعے عوام کی خدمت کریں ۔

انہوں نے کہا کہ باغی ارکان کیخلاف آئینی راستہ موجود ہے ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے جبکہ رکن قومی اسمبلی قیصر جمال نے کہا کہ تمام معاملات کی بہتری کیلئے پرامید ہیں جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہونگے ہم اجلاس میں شرکت نہیں کرینگے دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن حامد الحق نے کہا کہ جب تک وزیراعظم پر دباؤنہ ڈالا جائے تب تک وہ کوئی کام نہیں کرتے وزیراعظم نے ابھی تک پی ٹی آئی کے کسی رکن کیلئے بھی فنڈز جاری نہیں کیا ہم بغیر فنڈ کے اپنے حلقوں میں کام کروارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک ہم پارلیمنٹ سے باہررہے ہم نے پارلیمنٹ کو بہت مس کیا ہماری خواہش ہے کہ ہم پارلیمنٹ کے ذریعے عوام کی بھرپور خدمت کریں تاکہ آنے والے مستقبل میں عوام بہترین نیا پاکستان دیکھ سکیں ۔ناراض ارکان کے حوالے سے حامد الحق نے کہا کہ ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے سپیکر قومی اسمبلی نے ناراض ارکان کا معاملہ اسی طرح دبا کررکھا ہوا ہے جس طرح ہمارے استعفے اپنی الماری میں بند کرکے رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت نہیں کرینگے ۔ سال نو کے حوالے سے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے حامد الحق نے کہا کہ نئے سال پر پرامن اور روشن پاکستان ہماری خواہش ہے