2015 ء قومی کرکٹ کے لیے مصروف سال ہوگا

جمعہ 2 جنوری 2015 13:49

2015 ء قومی کرکٹ کے لیے مصروف سال ہوگا


لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار2۔جنوری 2015ء ) 2015ء قومی کرکٹ ٹیم کے لیے مصروف سال ثابت ہوگا ،اگر بھارت کے ساتھ سیریز پروگرام کے مطابق ہوئی تو قومی ٹیم اس سال کم سے کم 9ٹیسٹ ،26ون ڈے اور 5ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس بگ 3کی تشکیل کے موقع پر بورڈز کے مابین طے پانے والے فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق قومی ٹیم سال میں تین اووے اور دو ہوم سیریز کے علاوہ کرکٹ ورلڈ کپ بھی کھیلے گی ۔

قومی کرکٹ ٹیم سال کا آغاز نیوزی لینڈ کے خلاف اس کی سرزمین پر دو ایک روز ہ میچز سے کرے گی جس کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ ورلڈ کپ کھیلا جائے گا جس میں گرین شرٹس کم سے کم 6میچز کھیلے گی ۔ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم اپریل کے وسط میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی جہاں وہ 2ٹیسٹ ،3ون ڈے اور1ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی ۔

(جاری ہے)

جون میں قومی ٹیم 2ٹیسٹ میچز ،5ون ڈے اور 2ٹی ٹونٹی کھیلنے کے لیے سری لنکا جائے گی جس کے بعد اکتوبر میں شاہین انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں 3ٹیسٹ ،5ون ڈے اور 2ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلیں گے ۔

سال کے آخر میں پاک بھارت سیریز ہونی ہے ، سیریز کہاں ہونی ہے یہ تو معلوم نہیں لیکن دونوں کرکٹ بورڈ کے مابین اس سیریز میں 2ٹیسٹ ،5ون ڈے اور 2ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے پر اتفاق ہو گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :