ویلنگٹن ٹیسٹ ، سری لنکن ٹیم مشکلات کا شکار ،سنگاکار ا آخری امید

ہفتہ 3 جنوری 2015 10:55

ویلنگٹن ٹیسٹ ، سری لنکن ٹیم مشکلات کا شکار ،سنگاکار ا آخری امید

ویلنگٹن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار3۔جنوری 2015ء )ویلنگٹن ٹیسٹ کے پہلے دن سری لنکا نے دن ختم ہونے تک نیوزی لینڈ کے 221رنز کے جواب میں 5وکٹوں کے نقصان پر 78رنز بنالیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے مابین بیسن ریورز میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کر نے کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم کو 221رنز پر پوویلین چلتا کیا ۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان کین ولیمسن 69،ہمیش ردرفورد 37اور روس ٹیلر 35رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے ۔برینڈن میکولم 0کی خفت سے دوچار ہوئے ۔

(جاری ہے)

سری لنکا کی جانب سے نووان پردیپ نے 4،سرنگا لکمل نے 3،دھمیکا پرساد نے 2اور کپتان اینجلو میتھیوز نے 1وکٹ حاصل کی ۔ سری لنکن ٹیم کا آغاز بھی کچھ اچھا ثابت نہ ہوا اور اس کی وکٹیں بھی وقفے وقفے سے گرتی رہیں ۔

78کے مجموعی سکور پر جب وکٹ کیپر بلے باز پرسنا جے وردھنے 6رنز بنا کر بریسویل کا نشانہ بنے تو امپائرز نے دن کا کھیل ختم کر نے کا اعلان کر دیا ۔ کارونارتنے 16،سلوا 5،تھریمانے 0اور اینجلو میتھیو ز 15رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ کما ر سنگا کارا 33رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ۔ نیو زی لینڈ کی جانب سے بریسویل نے 3اور بولٹ اور ساؤتھی نے 1،1وکٹ حاصل کی ۔