کراچی: لانڈھی میں ملزمان کی فائرنگ سے 2 رینجرز اہلکار شہید، مقابلے میں تین ڈاکو ہلاک

منگل 6 جنوری 2015 10:57

کراچی: لانڈھی میں ملزمان کی فائرنگ سے 2 رینجرز اہلکار شہید، مقابلے میں ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جنوری 2015ء) کراچی کے علاقے لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں دو رینجرز اہلکار شہید ، ایک زخمی ہوگیا ، گلستان جوہر میں مبینہ پولیس مقابلے میں تین ڈاکو مارے گئے ، ایک اہلکار شہید ، دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ شہر قائد میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔

لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا تو دہشتگردوں نے رینجرز پر گولیاں برسا دیں۔

(جاری ہے)

فائرنگ کی زد میں آکر رینجرز اہلکار رخسار اور امیر حسن شہید ہو گئے۔ گولیاں لگنے سے ایک اہلکار زخمی بھی ہوگیا ۔ رینجرز نے لانڈھی کے داخلی و خارجی راستے بند کر کے کارروائی شروع کر دی ہے ۔ گلستان جوہر میں کامران چورنگی کے قریب چا رڈا کو گھر میں لوٹ مار میں مصروف تھے کہ اس دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔

فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ تین فرار ہوگئے ۔ پولیس مقابلے میں ہیڈ کانسٹیبل پریل شہید ہو گیا جبکہ ایس ایچ او گلستان جوہر اعجاز راپر اور اے ایس آئی زخمی ہوئے۔ فرار ملزموں کی تلاش کے دوران آمنا سامنا ہونے پر فائرنگ کے تبادلے میں دو مفرور ملزم مارے گئے۔