کوئٹہ : مغویوں کی بازیابی کیلئے سرچ آپریشن ، 5 دہشتگردوں سمیت 20 گرفتار، اہلکار شہید

منگل 6 جنوری 2015 12:00

کوئٹہ : مغویوں کی بازیابی کیلئے سرچ آپریشن ، 5 دہشتگردوں سمیت 20 گرفتار، ..

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جنوری 2015ء) ژوب اور قلعہ سیف اللہ سے اغواء کئے جانے والے 10 افراد کی بازیابی کے لیے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں سمیت 20 افراد گرفتار کر لیے گئے ، ایک ایف سی اہلکار شہید ہوگیا۔ ژوب کے علاقے کلی حیدر زئی کے قریب گزشتہ روز اغوا ہونے والے 10 افراد کی بازیابی کے لیے سیکورٹی فورسسز کی جانب سے سرچ آپرشن جاری ہے ۔

آپرشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے 5 دہشت گردوں سمیت 20 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مستونگ میں ایک مکان پر چھاپے کے دوران فارنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایف سی اہلکار نور سعید شہید ہوگئے ۔ گزشتہ روز ژوب سے 10 افراد کے اغواء ہونے والوں میں سیکورٹی فورسسز کا ایک افسر ، نجی بینک منیجر اور ایک طالب علم بھی شامل ہے ۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق ڈبل کیبن کرولا کار میں سوار مسلحہ افراد نے ایک مسافر بس روک لی ۔

مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کر کے سیکورٹی فورسسز کے ایک آفسر سمیت 5 افراد کو اغواء کیا گیا جس کے بعد اسلام آباد سے آنے والی ایک گاڑی سے بھی طالب علم حبیب اللہ سمیت 5 افراد کو اغوا کیا گیا۔ مسلحہ افراد مقامی زبان میں بات چیت کر رہے تھے تاہم ان کا لہجہ وزیرستان سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملتا جلتا تھا ۔ مغویوں کی بازیابی کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔