بوجھل دل کے ساتھ خصوصی عدالتوں کے قیام پر حکومت کا ساتھ دیا ہے،خورشیدشاہ

منگل 6 جنوری 2015 15:50

بوجھل دل کے ساتھ خصوصی عدالتوں کے قیام پر حکومت کا ساتھ دیا ہے،خورشیدشاہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2015ء)قومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے دینی مدارس اور اسلام کے خلاف کوئی بل پیش نہیں کیا جارہا ، پوری دنیا میں اسلام کو بدنام کرنے والوں کے خلا ف قوم پوری طرح متحد ہے ،بوجھل دل کے ساتھ خصوصی عدالتوں کے قیام پر حکومت کا ساتھ دیا ہے،اگر ایچی سن یا اکسفور کا کوئی طالب علم بھی دہشت گردی میں ملوث ہے تو اس کو بھی سزا ملنی چاہیے۔

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج کا دن تاریخ ساز اہمیت کا حامل ہے پاکستان پیپلز پارٹی نے 1973کا آئین بنایا تھااور آج اس میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ آج تمام نیوز چینلز اور ملک کے کونے کونے میں آئینی ترمیم پر بحث کی جا رہی ہے اور آج پارلیمنٹ کی اہمیت کا بھی سب کو پتہ چل رہا ہے ہمیں فخر ہے کہ ملک کو جمہوریت پاکستان پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ نے دی ہے اور ہماری یہ ہمیشہ کوشش ہوگی کہ ملک میں جمہوریت قائم ودائم رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آئین میں ترمیم اور خصوصی عدالتوں کا قیام پاکستان پیپلز پارٹی کے لئے بہت مشکل تھا ہماری پارٹی نے ہر موقع پر فوجی عدالتوں کی مخالفت کی تھی اور آج انہی عدالتوں کے حق میں حکومت کا ساتھ دے رہی ہے مگر ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہم حکومت کا نہیں بلکہ عوام کو دہشت گردی کے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ہمارے بچے آمن اور سلامتی کے ساتھ اپنے سکولوں کو جا سکیں ہمارے بازاروں اور مساجد میں امن رہے۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمارے لئے یہ سوچنا بھی گناہ ہے کہ ہم اسلام کے خلاف کوئی قانون بنائیں یا اس کی حمایت کریں، اپنے دین کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دینے کیلئے بھی تیار ہیں، اس بل کا مقصد دین کے نام پر پاکستان کو بدنام کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف ہے یہ کسی مدرسے کے طالب علم یا عالم کے خلاف نہیں ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر ایچی سن یا اکسفور کا کوئی طالب علم بھی دہشت گردی میں ملوث ہے تو اس کو بھی سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کو بدنام کرنے والے درندوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ،جو مسلمان فوجیوں کے سروں سے فٹ بال کھیلتے ہوں اور معصوم بچوں کو قتل خواتین کو جلاتے ہیں وہ سخت ترین سزا کے مستحق ہیں اور انہی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم نے بوجھل دل کے ساتھ اس بل میں حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ مجھے مسلح افواج پر یقین ہے کہ وہ ملٹری کورٹس کو پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق چلائیں گے تاکہ ہمیں مزید اپنے شہدا کیلئے سڑکوں پر موم بتیاں نہ جلانی پڑیں۔