پاکستانی گلو کارہ مہوش حیات 32 برس کی ہو گئیں

فلم ”نامعلوم افراد“ سے ملنے والی شہرت نے مہوش کیلئے فلمی دنیا کے دروازے کھول دیئے

بدھ 7 جنوری 2015 12:03

پاکستانی گلو کارہ مہوش حیات 32 برس کی ہو گئیں

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء) اداکارہ، ماڈل اور گلوکارہ مہوش حیات 32 برس کی ہو گئیں-گلو کارہ نے اپنی سالگرہ سانحہ پشاور کے سوگ میں سادگی سے منائی-فلم” نامعلوم افراد“ کے آئٹم نمبر ” بلی“ سے ملنے والی شہرت نے مہوش حیات کے لیے فلمی دنیا کے دروازے بھی کھول دیئے ہیں اور وہ اب اس شعبے میں بھی نام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

مہوش حیات اس وقت ہمایوں سعید سمیت دیگر پروڈکشن اداروں کی فلموں و ڈراموں میں مصروف ہیں۔مہوش نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں ذاتی طور پر سالگرہ منانے کی قائل نہیں ہوں ویسے بھی ہماری زندگی کا ایک سال کم ہوجاتا ہے جبکہ موجودہ افسوسناک حالات میں خوشی منانا اچھا بھی نہیں لگتا۔مہوش حیات نے اپنے کریئر کا آغاز بطور ماڈل کیا تھا اور پھر اداکار کی حیثیت سے خود کو منوایا، وہ آن اسکرین یا ریڈ کارپٹ وغیرہ پر اپنے جدید فیشن کے بہترین ملبوسات کی بناء پر جانی جاتی ہیں، یقیناً وہ ایسی شخصیت ہیں جو اپنے انداز سے بخوبی واقف ہیں۔

(جاری ہے)

آج کل ملکی شوبز میں کامیابی حاصل کرنے والے بیشتر پاکستانی اسٹارز کا اگلا اقدام بولی وڈ کا رخ کرنا ہے، مہوش نے اس سوال پر ٹال مٹول سے تو کام لیا مگر غیرملکی سرزمین پر اپنے مستقبل کے حوالے سے کافی مثبت خیال رکھتی ہیں۔مہوش نے بتایا کہ "میں ابھی تک "نامعلوم افراد کی مقبولیت کا مزہ لے رہی ہوں، میں اس بارے میں وقت آنے پر ضرور سوچوں گی، مگر میں ہمیشہ سے ہی اپنی پہلی فلم پاکستان میں کرنا چاہتی تھی اور میں بہت خوش ہوں کہ نامعلوم افراد اتنی کامیاب ہوئی، اب کینوس اوپن ہے، دیکھیں کیا ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :