دہشت گردی کا خاتمہ پنجاب میں 77، اسلام آباد میں 6 فوجی عدالتیں قائم ہوں گی،خصوصی فوجی عدالتوں کا قیام 2مراحل میں ہوگا ،طریقہ کار طے ہونے سے پہلے ہی 83مقدمات کی فہرست وزارت داخلہ کو ارسال ، پنجاب حکومت نے 77، وفاق نے 6مقدمات کی لسٹ فوجی عدالتوں میں سماعت کیلئے وزارت داخلہ کو بھجوادی

بدھ 7 جنوری 2015 19:54

دہشت گردی کا خاتمہ پنجاب میں 77، اسلام آباد میں 6 فوجی عدالتیں قائم ہوں ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء ) دہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی فوجی عدالتوں کا قیام 2مراحل میں ہوگا ، پہلے مرحلے میں پنجاب میں 77، اسلام آباد میں 6 فوجی عدالتیں قائم ہوں گی، طریقہ کار طے ہونے سے پہلے ہی 83مقدمات کی فہرست وزارت داخلہ کو ارسال کردی گئی ، پنجاب حکومت نے 77، وفاق نے 6مقدمات کی لسٹ فوجی عدالتوں میں سماعت کیلئے وزارت داخلہ کو بھجوادی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشتگردی کے مقدمات کی سماعت کے لیے 21ویں آئینی ترمیم کے تحت خصوصی فوجی عدالتوں کا قیام 2مرحلوں میں مکمل ہوگا پہلے مرحلے میں پنجاب میں77 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 6 فوجی عدالتیں قائم کی جائینگی ان عدالتوں میں مقدمات وفاقی وزارت داخل کی تصدیق کے بعد بھجوائے گی اور صوبے مقدمات کی فہرستیں وزارت داخلہ کو بھیجیں گے اس کے علاوہ آرمی بھی دہشتگردی کے مقدمات وزارت داخلہ کو بھجوائے گی اور وزارت داخلہ مقدمات کا چار روز میں جائزہ لے کر مقدمات ایپکس کمیٹیوں کو بھجوائے گی اور ایپکس کمیٹیوں کی جانب سے چھان بین کے بعد مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجے جائینگے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پنجاب حکومت نے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالتوں میں زیر سماعت 77 جبکہ اسلام آباد میں زیر سماعت 6 مقدمات کی فہرست وزارت داخلہ کو ارسال کردی گئی ہے وزارت داخلہ کو بھیجی جانے والی فہرست میں لاہور کے 30 اور راولپنڈی کے 6 اہم مقدمات شامل ہیں جن کی سماعت اب فوجی عدالتوں میں ہوگی ۔ لاہور کی خصوصی عدالتوں میں چلنے والے مقدمات میں مناواں ٹریننگ سنٹر حملہ کیس ، ماڈل ٹاؤن حملہ کیس ، ایف آئی اے حملہ کیس سری لنکن ٹیم حملہ کیس ، ریسکیو 15 حملہ کیس ، احمدیوں کی عبادگاہوں پر حملے ، جناح ہسپتال حملہ اور مذہبی منافرت پھیلانے والے مقدمات شامل ہیں ۔

ادھر راولپنڈی کی خصوصی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں سے 6مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کی فہرست وزارت داخلہ کو ارسال کردی گئی ہے ان مقدمات میں بے نظیر بھٹو قتل کیس ، عاشورہ محرم حملہ کیس ، نیٹو کنٹینر حملہ کیس اور پولیس انسپکٹر قتل کیس شامل ہیں ۔ بے نظیر کیس گزشتہ آٹھ سال سے زیر سماعت ہے عاشورہ محرم کیس ایک سال ڈیڑھ ماہ سے زیر سماعت ہے جس کا ابھی تک چالان بھی مرتب نہ کیا گیا پولیس انسپکٹر کو 2004ء میں شہید کیا گیا تھا اور اس مقدمہ کی سماعت دس سال سے جاری ہے راولپنڈی میں ابتدائی طور پر دو عدالتیں چکلالہ گیریژن میں بنائی جائینگی جو ان مقدمات کی سماعت کرے گی ۔