بنگلادیش : سانس کی نالی میں ساڑھےچھ انچ زندہ مچھلی پھنس گئی

جمعرات 8 جنوری 2015 12:17

بنگلادیش : سانس کی نالی میں ساڑھےچھ انچ زندہ مچھلی پھنس گئی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جنوری2015ء)بنگلادیشی نوجوان کی سانس کی نالی میں ساڑھے چھ انچ کی زندہ مچھلی پھنس گئی۔ نوجوان مچھلی کو دانتوں میں دبوچ کے مچھلیا ںپکڑنے میں مصروف تھا۔ پانچ گھنٹے تک زندہ مچھلی پھنسی رہنے سے سانس لینے کا راستہ بند ہوگیا۔ آپریشن سے نوجوان کو بچا لیا گیا ۔1965میں پاکستان میں بھی ایسا ہی واقعہ سامنے آیا تھا جب ایک سولہ سالہ لڑکے کے گلے میںزندہ مچھلی چلی گئی وہ بھی اسی طرح ایک مچھلی کو دانت میںجکڑ کر مچھلیاں پکڑ رہا تھا۔

برطانوی اخبار”ڈیلی میل“ کے مطابق بنگلادیش کاایک سولہ سالہ نوجوان اپنے دوست کے ساتھ نہر پر مچھلیا ں پکڑ رہا تھا کہ اسے دو مچھلیاں نظر آئیں جن میں سے ایک کو پکڑ لیا جب کہ دوسری کو پکڑنا چاہتا تھا۔

(جاری ہے)

دونوں ہاتھو ں کو آزاد کرنے کے لئے اس نے پکڑی ہوئی ساڑھے چھ انچ کی مچھلی کو دانتوں کے درمیان لے لیا تاکہ دوسری مچھلی کو پکڑ سکے۔بدقسمتی سے، مچھلی دانتوں سے پھسل کر گلے میں اتر گئی۔

وہ گھر کی طرف بھاگا جہاں اس کے خاندان نے گلے میں مچھلی کو دیکھا اور نکالنے کی کوشش کی لیکن وہ اس لئے نہ نکال پائے کہ مچھلی زندہ تھی اور حرکت کرتے ہوئے اوجھل ہو گئی۔لڑکے کا خاندان مقامی اسپتال پہنچا جہاں ڈاکٹروں نے مچھلی تلاش کرنے کی کوشش کی مگر انہیں نظر نہ آئی ۔پھر اسے ڈھاکا میڈیکل کالج اسپتال لایا گیا ۔ڈاکٹروں نے اس کے گلے کا معائنہ کیا انہیں گلے میں زخم نظر آیا مگر مچھلی نہ دیکھ سکے۔

انہوں نے ایمرجنسی آپریشن کیا اور گلے کے سامنے سے کٹ لگا کر سانس کی نالی تک ٹیوب داخل کی تاکہ اسے سانس لینے میں آسانی ہو لیکن اس کے پھیپھڑوں تک سانس پہنچنے میں مشکلات پیش آرہی تھی۔اس واقعے کے پانچ گھنٹے بعد ڈاکٹرو ں کو سانس کی نالی میں اس جگہ مچھلی کی دم کا آخری سرا نظر آیا جہاں انہوں نے کٹ لگایا تھا۔ انہوں ٹوئزر یا چمٹی forceps سے مچھلی کو گلے سے نکالا، مچھلی مر دہ تھی جب اس کی پیمائش کی گئی تو وہ سولہ سینٹی میٹر لمبی اور دو سینٹی میٹر چوڑی تھی۔

تاہم وہ حلق میں کچھ دیر زندہ رہی۔مقامی طور پر اس مچھلی کی قسم کو گچی بیم کا نام دیا جاتا ہے ۔آپریٹ کرنے والے سرجن کا کہنا تھا کہ ایسا کیس اس کی پروفیشنل لائف میں دوسری بار آیا اس سے قبل 45سالہ شخص کے گلے میں زندہ مچھلی اتر گئی ،تاہم وہ شخص بارہ گھنٹے بعد ہلاک ہوگیا ۔طبی تاریخ میں اس طرح کے کیس بہت کم دیکھنے میں آئے۔اس کیس کی تفصیلات ایک طبی جریدے بائیو مڈ سینڑل میں شائع ہوئی۔2013میں بھارت میں ٹرنا میڈکل کالج میں نوجوان کے گلے سے مچھلی نکالنے کی ویڈیو منظر عام پر آچکی ہے۔برازیل میں ایک شخص کی آنت سے دو فٹ زندہ مچھلی کو نکالا گیا۔