31ارب روپے کا ایک اور انقلابی منصوبہ،نوجوانوں کیلئے 50ہزارگاڑیاں،خادم پنجاب نے ”اپناروزگارسکیم“کاآغاز ،”اپنا روزگار سکیم “ پنجاب حکومت کے سابقہ پروگراموں ،منصوبوں کی طرح سفارش،کرپشن ،سیاسی مداخلت سے بالکل پاک ہے، 50ہزا رافراد نہیں بلکہ 50 ہزار خاندانوں کو باعزت روزگار ملے گا،نوجوانوں کو بااختیاربنانے کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیں، مارک اپ کی ادائیگی پنجاب حکومت برداشت کریگی،کامیاب بات چیت سے اڑھائی ارب روپے کے وسائل بچائے گئے ہیں ،پشاور سے لیکر کراچی تک پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یکسوہے،پاکستان سے دہشت گردی کاجلدخاتمہ ہوگا،وزیراعلیٰ شہبازشریف کا ”اپنا روزگار سکیم“ کے تحت لاہور ڈویژن کیلئے گاڑیوں کی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب،وزیراعلیٰ شہبازشریف نے بٹن دبا کر کمپیوٹرائزڈقرعہ اندازی کا افتتاح کیا ،کامیاب افراد سے فون پر گفتگو کر کے انہیں مبارکباددی

جمعرات 8 جنوری 2015 18:41

31ارب روپے کا ایک اور انقلابی منصوبہ،نوجوانوں کیلئے 50ہزارگاڑیاں،خادم ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں 31ارب روپے کی لاگت سے” اپنا روزگار سکیم“ کا آغاز کردیا گیا ہے ،اس انقلابی سکیم کے تحت 50ہزار گاڑیاں نہایت شفاف اور کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے صرف اورصرف میرٹ کی بنیاد پر بیروزگار نوجوانوں میں تقسیم کی جارہی ہیں ،”اپنا روزگار سکیم “ پنجاب حکومت کے سابقہ پروگراموں اور منصوبوں کی طرح سفارش،کرپشن اورسیاسی مداخلت سے بالکل پاک ہے اور اس سکیم کے تحت 50ہزا رافراد نہیں بلکہ 50 ہزار خاندانوں کو باعزت روزگار ملے گا،”اپنا روزگار سکیم“ کے تحت انتہائی آسان شرائط پر گاڑیاں مارکیٹ کے موجودہ ریٹ سے 70ہزار روپے کم میں دی جارہی ہیں اوراس کا مارک اپ بھی حکومت پنجاب ادا کررہی ہے، پاکستان کی 60فیصد آبادی 15سے 30سال کی عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے اور انہیں بااختیار بنا کرملک و قوم کوترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے اور یہ سکیم نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے انقلابی ویژن کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک تاریخی اقدام ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جمعرات کے روز یہاں ”اپنا روزگار سکیم“ کے تحت لاہور ڈویژن کیلئے گاڑیوں کی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان، ایم این اے پرویز ملک ،مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری،ا یم پی ایز شیخ علاوٴالدین، عائشہ غوث پاشا، وحید گل،پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ نوازچوہان، صدربینک آف پنجاب نعیم الدین خان ،اراکین اسمبلی ،متعلقہ سیکرٹریز، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، دانشوروں اور صحافیوں کی بڑی تعداداس موقع پر موجود تھی۔

وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خوش قسمت ملک ہے جس کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جہاں نوجوانوں کی بڑی آبادی ایک چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے وہاں اسے مواقع میں بدل کرملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے ۔ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی ترقی اورانہیں بااختیاربنانے کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں اور ”اپنا روزگار سکیم“ میں بھی نوجوانوں کو فوکس کیا گیا ہے ۔

اربوں روپے کی لاگت سے لاکھوں لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار کیلئے بلا سود قرضے بھی فراہم کیے جارہے ہیں جس سے لاکھوں خاندان مستفید ہورہے ہیں۔ دیہی نوجوانو ں کو رعایتی نرخوں پر ٹریکٹر فراہم کئے گئے ہیں ۔نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے یوتھ کمیشن تشکیل دیا گیا ہے ۔12 ارب روپے کی لاگت سے قائم پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے غریب خاندانوں کے 60ہزارہونہار بچے اور بچیوں کو وظائف دےئے جارہے ہیں اوروہ لمز،فاسٹ،نسٹ،انجینئرنگ یونیورسٹی،میڈیکل کالجوں اوردیگر اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

تعلیم صرف امیرو ں کی میراث نہیں بلکہ غریبوں کے بچوں کو بھی حصول تعلیم کا اتنا ہی حق ہے جتنا کسی امیر کے بچے کو۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دن میرے لئے انتہائی خوشی کا دن ہے کیونکہ آج نوجوانوں کیلئے ”اپنا روزگار سکیم“ کا آغاز کیاجارہاہے ۔یہ سکیم بلا شبہ بے روزگاری کے مسائل کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی حکومتی سطح پر بے روزگاری کے مسئلے کو ختم نہیں کیا جاسکتا حکومت اپنی پالیسیوں کے ذریعے نجی شعبہ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرتی ہے۔

اپنا روزگار سکیم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دور حکومت میں 2 برس قبل 25ہزار گاڑیاں بے روزگار نوجوانوں میں تقسیم کی گئیں اور 99 فیصد سے زائد ریکوری کا تناسب رہا۔ تاہم اب گاڑیوں کی تعداد کو دگنا کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ” اپنا روزگار سکیم“ کے تحت ڈیڑھ لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔سکیم کے تحت 50ہزار گاڑیاں تقسیم کی جارہی ہے اوراس سکیم میں جنوبی پنجاب کا دس فیصد اضافی کوٹہ رکھا گیا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے سکیم کو کامیاب بنانے میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، سابق چیف سیکرٹری نوید اکرم چیمہ، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چےئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف،سیکرٹری ٹرانسپورٹ،صدر بینک آف پنجاب،سوزوکی موٹرز اور پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ سب نے مشترکہ طور پر ”اپنا روزگار سکیم“ کو کامیاب بنانے کے حوالے سے لائق تحسین کردار ادا کیا ہے اور آج ہم اس سکیم کے ذریعے گاڑیوں کی شفاف انداز میں قرعہ اندازی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی لیڈرشپ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سفارش کے کلچر کا خاتمہ کیا ہے اور میرٹ کی حکمرانی کو یقینی بنایا ہے اور ہماری یہ سکیم بھی شفافیت اور میرٹ کے ساتھ تیزرفتاری کا منہ بولتاثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے صوبے میں شفافیت کے فروغ کے حوالے سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور پنجاب حکومت کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے سب پر سبقت حاصل ہے۔

مجھے یقین ہے کہ باعزت روزگار حاصل کرنے والے خوش نصیب نوجوان صوبے کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے اور انہیں باعزت روزی کمانے کا موقع بھی مل رہا ہے۔ سکیم کے تحت پنجاب حکومت نے مارکیٹ سے 40 ہزار روپے کم قیمت پر یہ گاڑیاں فراہم کرنا تھیں تاہم اب گاڑی کی قیمت بڑھنے سے مجموعی طو رپر فی گاڑی 70 ہزار روپے کا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ”اپنا روزگار سکیم“ کا انتہائی شاندار بزنس ماڈل بنایا گیا ہے اور مارک اپ کی پوری ادائیگی پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔

پنجاب حکومت نے اس سکیم میں کامیاب مذاکرات کے بعد اڑھائی ارب روپے کے عوامی وسائل بچائے ہیں حالانکہ اس سے قبل اس ملک میں قیمتیں کم کرانے کی کوئی مثال نہیں ملتی اور بڑے بڑے سودوں میں پیسے کھائے جاتے ہیں جبکہ پنجاب حکومت نے لیپ ٹاپ سکیم، ٹرانسپورٹ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، سولر پارک اور دیگر منصوبوں میں سب سے کم بولی دینے والے سے کامیاب بات چیت کرکے اربوں روپے بچائے ہیں اور یہ رقم عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی ہے۔

عوام کی خدمت اورغریب عوام کے حقوق کا تحفظ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا خاصا ہے اور اس کا کریڈٹ وزیراعظم محمد نواز شریف کی لیڈرشپ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے۔موجودہ سکیم میں پنجاب حکومت کی سابقہ سکیموں کی طرح کرپشن یا سفارش کی ایک فیصد بھی گنجائش نہیں ۔تمام خوش نصیبوں کو میرٹ پر گاڑیاں دی جارہی ہیں جس کیلئے شفاف ترین طریقہ کار اپنایا گیاہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ بدقسمتی سے گذشتہ چھ ماہ دھرنوں کی وجہ سے ضائع ہوئے ،ترقیاتی سکیموں میں رکاوٹ آئی اور ان دھرنوں نے پاکستان کے عوام کی فلاح کی کاوشوں کا دھڑن تختہ کیا لیکن ہم ماضی کو فراموش کر کے نئے جذبے اورعزم سے آگے بڑھ رہے ہیں اور خدمت خلق کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی اورانتہاء پسندی جیسے سنگین چیلنجز درپیش ہیں ۔

دہشت گردی کا خاتمہ کیے بغیر ملک کی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا ۔پشاور سے لیکر کراچی تک پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یکسوہے اوراس ناسور کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ چاہتی ہے ۔پوری قومی قیادت بھی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے۔ دہشت گردی اورانتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کاوشیں کی جارہی ہے وہ دن دور نہیں جب پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگااورپاکستان کا شمار بھی پرامن ممالک میں ہوگا۔

قوموں پر مشکل وقت آتا ہے لیکن قومیں محنت اورجدوجہد کے ذریعے سرخروہوتی ہیں ۔پاکستان کی قومی قیادت ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے متحد اورپرعزم ہے ۔ انشاء اللہ پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگااورملک ایک بار پھر امن وسلامتی کاگہوارہ بنے گا۔ممبر صوبائی اسمبلی شیخ علاوٴالدین نے سپا سنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ”اپنا روزگار سکیم“ کے تحت ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کیلئے باعزت روزگار کا اہتمام کیا گیا ہے ۔

گاڑیوں کے حصول کیلئے ڈیڑھ لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہونا حکومت پنجاب کی پالیسوں اور فلاحی سکیموں پر عوام کے بھر پور اعتماد کا مظہرہے۔انہوں نے کہا کہ” اپنا روزگار سکیم“ سے خواتین اورمرد دونوں مستفید ہوں گے ۔سکیم کے تحت 25ہزار بولان گاڑیاں جبکہ 25ہزار راوی گاڑیاں تقسیم کی جارہی ہیں ۔بینک آف پنجاب کے صدر نعیم الدین خان نے کہا کہ پنجاب بینک حکومت کے فلاحی پروگرام میں بھر پور تعاون کررہا ہے ۔

بعدازاں وزیراعلیٰ نے کمپیوٹرکا بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا باقاعدہ آغاز کیااورگاڑیوں کی قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والوں کی فہرست کمپیوٹر سے جاری کی گئی اوروزیراعلیٰ نے موبائل فون کے ذریعے دو خوش نصیب افراد سے بات کی اورانہیں ”اپنا روزگار سکیم“ کے تحت گاڑیوں کی قرعہ اندازی میں نام آنے پر مبارکباد دی۔