تعلیمی ادارے 12 جنوری سے کھل جائینگے ،سکیورٹی کیلئے حفاظتی اقدامات تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن ، 90 فیصد سکولوں نے حفاظتی اقدامات مکمل کر لئے ہیں،باقی سکول تیزی سے سکیورٹی کے اقدامات کر رہے ہیں ‘ صوبائی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 8 جنوری 2015 19:06

تعلیمی ادارے 12 جنوری سے کھل جائینگے ،سکیورٹی کیلئے حفاظتی اقدامات ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء) وزیر قانون ،خزانہ وایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقوں کو صحت کی میعاری وجدید سہولتیں فراہم کرنا صوبائی حکومت کے ایجنڈے میں سر فہرست ہے اور موجودہ حکومت نے ہیلتھ سیکٹر کے بجٹ میں بتدریج اضافہ کیا ہے، وکلاء عوام کو انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور حکومت وکلاء کی فلاح وبہبود کے لئے کئے جانے والے اقدامات معاونت کرتی ہے، وکلاء ہسپتال کی تعمیر کے لئے وزیراعلی پنجاب کی جانب سے تین کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کی گئی ہے اور آئندہ بھی گرانٹ فراہم کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیو سماج روڈ پر وکلاء ہسپتال کے پہلے فیز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صدر لاہور بارایسوسی ایشن چوہدری محمد اشتیاق ، چوہدری سلیم لاڈی، قسیم اسلم ہنجر ا اور وکلاء کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی- وزیر قانون نے فیتہ کاٹ کر اور تختی کی نقاب کشائی کر کے وکلاء ہسپتال کے پہلے مرحلہ کا افتتاح کیا۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ صحت اور تعلیم کی معیاری سہولتیں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے 2 ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے ہیں جبکہ کم وسیلہ افراد کو ادویات کی مفت فراہمی کے لئے 8 ارب 75 کروڑ روپے جبکہ گردہ کے غریب مریضوں کو ادویات اور ڈائلسز کی بلا معاوضہ فراہم کے لئے 60 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں ۔

بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ پنجاب میں تعلیمی ادارے 12 جنوری سے کھل جائیں گے اور تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے لئے حفاظتی اقدامات تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں اور حکومت کو موصولہ اطلاعا ت کے مطابق 90 فیصد سکولوں نے حفاظتی اقدامات مکمل کر لئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ باقی سکول تیزی سے سکیورٹی کے اقدامات کر رہے ہیں اور ان کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔