سڑکوں کی مرمت اور بہتری کیلئے 4 کروڑ کی خطیر رقم منظور کی گئی ہے ،کمشنر سکھر

جمعرات 8 جنوری 2015 20:17

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 جنوری۔2015ء)کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے ڈپٹی کمشنر سکھر کی آفس میں شہر سے متعلق مختلف مسائل کے سلسلے میں بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھر شہر میں سڑکوں کی مرمت اور بہتری کے لئے 4 کروڑ کی خطیر رقم منظور کی گئی ہے سڑکوں کے کام کی نگرانی ڈپٹی کمشنر کرینگے اس کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ لائٹس اورفٹ پاتھوں کوبہتر کیاجائیگاانھوں نے شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک اور اسکے مسائل پر قابو پانے کی بھی ہدایت کی کمشنر سکھر نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کے کینسر ہسپتال اور وومین یونیورسٹی کے قیام کے لئے پلاٹوں کے مسئلے کو فوری طورپر حل کیا جائے کمشنر نے مزید کہا کے سکھر ضلع میں قائم چار پارکوں کو رینجرزاور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے حوالے کیا جارہا ہے تاکہ پارکوں کی حالت کو سنوارہ جائے اور شہریوں کو صاف ستھراماحول اور صحت مندانہ تفریح فراہم کی جاسکے اور پارکوں کی دیکھ بھال محفوظ ہاتھوں میں سونپی جاسکے کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ سکھر آئرن مارکیٹ کی منتقلی کو ایک ہفتے کے اندر ممکن بنایا جائے اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی ناکی جائے اس موقع پر کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ نے بس ٹرمینل روہڑی کو فعال بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر شہزاد فضل عباسی کی سر براہی میں ایک کمیٹی قائم کرنے کا اعلان بھی کیا جس کے وائس چیئرمین اسسٹنٹ کمشنر وحید اصغر ہونگے انہوں نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ روہڑی بس ٹرمینل کی دکانوں کو اوپن آکشن کرکے ٹرمینل کو فعال بنایا جائے اور فوری طور پر ٹرانسپورٹ ٹرمینل میں شفٹ کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کی مہم اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کی زمہ داری ڈپٹی کمشنر کی ہوگی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شہزاد فضل عباسی نے سکھر ڈولپمینٹ اتھارٹی، روہڑی بس ٹرمینل ،پارکوں کی حوالگی ،آئرن مارکیٹ کی منتقلی ،ناجائزتجاوزات کے خاتمے اور دوسرے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی ۔