باؤلنگ ٹیسٹ کیلئے ہندوستان نہیں جاؤں گا، سعید اجمل

جمعہ 9 جنوری 2015 13:15

باؤلنگ ٹیسٹ کیلئے ہندوستان نہیں جاؤں گا، سعید اجمل

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جنوری2015ء) مشکوک باؤلنگ ایکشن کے باعث پابندی کا شکار پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ وہ غیر رسمی باؤلنگ ٹیسٹ کے لیے ہندوستان کے بجائے انگلینڈ جانے کو ترجیح دیں گے۔ آف اسپنر نے ہندوستان کی سرکاری نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا(پی ٹی آئی) سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں رواں ماہ کے آخر میں غیر رسمی باؤلنگ ٹیسٹ کے لیے جاؤں گا لیکن وہ چنئی کا باؤلنگ سینٹر نہیں ہو گا، میں ٹیسٹ کرانے کے لیے انگلینڈ کو ترجیح دوں گا۔

مشکوک باؤلنگ ایکشن کے باعث ستمبر سے پابندی کا شکار سعید اجمل نے کہا کہ مجھے اعتماد ہے کہ اس مرتبہ باؤلنگ ایکشن کلیئر قرار دے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب نے گزشتہ مرتبہ غیر رسمی ٹیسٹ کرایا تھا تو میرے باؤلنگ ایکشن میں نمایاں بہتری نظر آئی تھی اور اس پر مزید محنت کرنے کے بعد میں پراعتماد ہوں کہ اس مرتبہ میرے نتائج مثبت ہوں گے اور میری تمام گیندیں آئی سی سی کی جانب سے مقررہ 15 ڈگری کی حدود کے اندر ہوں گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اجمل کے باؤلنگ ایکشن میں تبدیلی کے بعد متعدد سابق کرکٹرز اور ناقدین نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اجمل کی باؤلنگ میں شاید پہلے جیسی کاٹ نہ رہے لیکن اجمل نے ان خدشات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس انہیں حیران کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔ سعید اجمل نے کہا کہ میں نے نئے ایکشن سے متعدد نئی گیندوں پر کام کیا ہے اور ان تمام سے ہی وکٹیں لے سکتا ہوں لہٰذا میں اپنی صلاحیتوں کے لیے حوالے سے ہرگز پریشان نہیں، اس میری تمام تر توجہ آئی سی سی کی مقررہ حدود اندر باؤلنگ ایکشن لانا ہے۔

یاد رہے کہ باؤلنگ ایکشن پر پابندی کے باعث اجمل نے ورلڈ کپ سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا اور ان کا ماننا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے کریک ڈاؤن کے باعث اس ورلڈ میں فاسٹ باؤلرز کا غلبہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اہم اسپنرز ورلڈ کپ میں نہیں کھیل پائیں گے جبکہ جو کھیلیں گے ان پر بھی دباؤ ہو گا لہٰذا میرا خیال ہے کہ عالمی ایونٹ میں فاسٹ باؤلرز غالب رہیں گے۔