معاشرے میں فساد کی بنیادی وجہ اللہ اور اسکے رسول کے فرمان سے رو گردانی ہے، فیصل ندیم

ہفتہ 10 جنوری 2015 14:13

سکھر/حیدرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جنوری 2015ء)جماعة الدعوة سندھ کے امیر فیصل ندیم نے کہا ہے کہ معاشرے میں فساد کی بنیادی وجہ اللہ اور اس کے رسول کے فرمان سے روگردانی ہے۔ اگر فساد سے محفوظ رہنا ہے تو لسانیت اور فرقہ واریت کے بتوں کو توڑنا ہوگا۔ کفار ہمارے درمیان لسانیت اور علاقائیت کو ہوا دے کر انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔ اسلام امن و سلامتی اور رواداری کا سبق دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز سعد بن معاذ گاڑی کھاتہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نماز جمعہ کے لیے آئے ہوئے لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ فیصل ندیم نے کہا کہ کفار مسلسل ہمارے درمیان سازشیں کر کے لسانیت اور فرقہ واریت کی بنیاد پر فساد برپا کرنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں چاہیے کہ لسانیت کے بتوں کو توڑ کر اللہ اور اس کے رسول کے فرمان پر عمل کریں۔

اسلام کا نام لے کر معصوموں کو مارنے والے دین اسلام کی تعلیمات کو مجروح اور بدنام کرنا چاہتے ہیں۔ اسلام میں کہیں بھی بچوں اور عورتوں پر ظلم کرنے کی تعلیم نہیں ہے۔ اس طرح بچوں کو نشانہ بنانا ظلم و درندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے اسلام کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ دہشت گردوں کے اقدامات عمل جہاد نہیں کھلا فساد ہے۔ انڈیا براہ راست بلوچستان، سندھ اور دیگر علاقوں میں سازشیں کرکے لوگوں کو علیحدگی پر اکسا رہا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ کفار کی ان سازشوں کو سمجھیں اور اپنی صفوں میں امن و اخوت کی فضا قائم کریں