خیبرپختونخواحکومت نے ”صاف پانی سب کیلئے “ کے نام سے جامع سکیم تیار کرلی

ہفتہ 10 جنوری 2015 20:54

خیبرپختونخواحکومت نے ”صاف پانی سب کیلئے “ کے نام سے جامع سکیم تیار ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2015ء) صوبائی وزیر آبنو شی شاہ فرمان خان نے کہاہے کہ خیبرپختونخواحکومت نے ”صاف پانی سب کیلئے “ کے نام سے جامع سکیم تیار کی ہے جس کا بنیادی مقصد صوبے کے تمام لوگوں کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بناناہے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں انجینئر ملک عرفان کی زیر قیادت شہریوں کے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس منصوبے پر عملدرآمد سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بریفنگ دی جائیگی انہوں نے کہاکہ یہ پالیسی اس شعبے کے ماہرین نے کافی محنت سے بنائی ہے کیونکہ ماضی میں اس معاملے پر گھپلے ہوئے اور شہریوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی گئی انہوں نے کہاکہ پینے کے صاف پانی کے ایشو پر کوئی سیاست نہیں کی جائیگی اور صوبائی حکومت ضرورت کی بنیاد پر اس پالیسی پر من وعن عمل درآمدکروائے گی انہوں نے کہاکہ اس نئی پالیسی کے تحت ان مقامات پر لوگوں کوپینے کا صاف پانی فراہم کیا جائیگا جہاں یہ مسئلہ موجود ہوانہوں نے کہاکہ محکمہ پبلک ہیلتھ کے تمام ایگزیکٹیو انجینئرزکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھیجیں کہ کہاں کہاں پر صاف پانی کی فراہمی ضروری ہے انہوں نے کہاکہ حکومت اس پالیسی کوشفاف طور پر نافذ کرناچاہتی ہے اورایسا کرکے دکھائے گی انہوں نے کہاکہ صاف پانی کی فراہمی کے مسئلے پر وہ نہ خودسیاست کرینگے اورنہ ہی کسی کو کرنے دینگے پشاورمیں نجی شعبے کے تعاون سے شروع کئے گئے واٹرسپلائی اینڈسینیٹیشن پروگرام(ڈبلیو ایس ایس پی)کے حوالے سے شاہ فرمان نے کہاکہ یہ منصوبہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور شہری بھی صحت و صفائی اور آبنوشی کی سہولیات میں بہتری آنے کے سبب کمپنی کی کارکردگی سے مطمئن ہونے لگے ہیں اب حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ اس منصوبے کو پورے صوبے کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرزکی سطح تک توسیع دی جائے آئندہ شہروں کے اندر صحت و صفائی اور آبنوشی سہولیات کی فراہمی اس پبلک کمپنی کے ذمہ ہوگی آبنوشی سے متعلق گلی کوچوں کی سطح پر صاف پانی کی ضروریات کا تعین اور اس مقصد کیلئے سروے کمپنی کرے گی جبکہ ان کا محکمہ سروے رپورٹ پر عملدرآمد اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا پابند ہو گاشاہ فرمان نے کہاکہ 2013ء میں اقتدارسنبھالنے کے بعد پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت محکموں میں انقلابی تبدیلیاں لارہی ہے بالخصوص محکموں سے کرپشن کا خاتمہ اور حکومت کو عوام کے سامنے جوابدہ بناناحکومت کا بڑا کارنامہ ہے انہوں نے کہاکہ سرکاری محکموں اور حکام کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانے کیلئے موثر قانون سازی کی گئی ہے احتساب کمیشن، رائٹ ٹوانفارمیشن اور رائٹ ٹو سروس جیسے آزاد محکمے قائم کئے گئے ہیں جو عام آدمی سے لیکرصوبائی وزیر اور وزیراعلیٰ تک کا مواخذہ کر سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ پوسٹنگ اور ٹرانسفرزکے حوالے سے ایک واضح پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے محکمہ پولیس کو ایک غیرسیاسی محکمہ بنادیاگیاہے جس سے صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اسی طرح سی اینڈڈبلیو ،ایریگیشن ، آبنوشی اور لوکل گورنمنٹ جیسے ترقیاتی محکموں میں انقلابی اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں ان اصلاحات کابنیادی مقصد محکموں سے کمیشن اور کرپشن کاخاتمہ اور قومی خزانے کے شفاف اور منصفانہ استعمال کویقینی بناناہے انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت عوام بہت جلد اپنے اردگرد خوشگوار تبدیلیاں محسوس کریں گے جس میں ان کا محکمہ بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :