خواہش ہے پاکستانی ٹیم عالمی کپ جیتے ‘یادگار کامیابی پر ون ڈے کا اختتام چاہتا ہوں ‘مصباح الحق

منگل 13 جنوری 2015 11:45

خواہش ہے پاکستانی ٹیم عالمی کپ جیتے ‘یادگار کامیابی پر ون ڈے کا اختتام ..

اسلام آباد /لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جنوری 2015ء)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کہا ہے کہ خواہش ہے پاکستانی ٹیم عالمی کپ جیتے ‘ یاد گار کامیابی پر ون ڈے کا اختتام چاہتا ہوں ‘پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں میں فاتح بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے ‘منظم کرکٹ کھیلنا ہوگی ‘مکمل طورپر فٹ ہوں ‘ پہلے مرحلے میں ون ڈے اور پھر ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دونگا ریٹائر منٹ درست وقت پر ہونی چاہیے ‘معلوم نہیں کب ہوگا ‘ ٹیم کے کام آنے والی اننگز سنچری بہتر ہوتی ہے ۔

بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں مصباح الحق نے کہاکہ ورلڈ کپ ان کا آخری ٹورنامنٹ ہے اور وہ پوری کوشش کریں گے کہ اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور ایک ایسی کارکردگی کے ساتھ ون ڈے سے رخصت ہوں جو انہیں ہمیشہ خوشی اور اطمینان کا احساس دلاتی رہے ۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں میں فاتح بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے تاہم اس کے لیے انہیں منظم کرکٹ کھیلنی ہوگی۔

مصباح الحق نے واضح کردیا ہے کہ انہیں اپنی فٹنس کے بارے میں کسی بھی قسم کا شک وشبہ نہیں ہے وہ فٹ ہیں اور عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔انھوں نے کہا کہ فٹنس ٹیسٹ کی رپورٹ کے مطابق ان کی موجودہ فٹنس گذشتہ فٹنس ٹیسٹ کی رپورٹ سے بھی بہتر ہے اگروہ میچ نہیں کھیلے ہیں تو اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ انہیں زیادہ سے زیادہ آرام کا وقت مل جائے تاکہ خطرے کا کم سے کم امکان بھی باقی نہ رہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ وہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق آرام کرنے کے بعد وہ کسی تکلیف کے بغیر رننگ بیٹنگ اور دیگر ٹریننگ کررہے ہیں ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ میں پوری توانائی کے ساتھ ورلڈ کپ کھیل کر محدود اوورز کی کرکٹ سے رخصت ہونا چاہتا ہوں اور یہ فیصلہ میں نے کافی پہلے سوچ کر کرلیا تھاوہ پہلے مرحلے میں ون ڈے اور پھر ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہیں گے اور یہ بھی انہیں معلوم ہے کہ یہ کب ہوگاوہ سمجھتے ہیں کہ ریٹائرمنٹ درست وقت پر ہونی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ ون ڈے سے ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس کافی وقت ہوگا کہ وہ مستقبل کو ذہن میں رکھتے ہوئے ٹیم اور کپتان تیار کرسکے۔مصباح الحق سے جب پوچھا گیا کہ ون ڈے انٹرنیشنل میں آپ کے کریئر کا سب سے اہم واقعہ کونسا رہا تو انھوں نے 2013 میں جنوبی افریقہ میں پاکستانی ٹیم کی ون ڈے سیریز کی جیت کو سب سے قابل ذکر کارکردگی قرار دیا کہ یہ پہلی ایشیائی ٹیم تھی جس نے جنوبی افریقی سرزمین پر ون ڈے سیریز جیتی۔

مصباح الحق نے کہا کہ یقینا ان کی یہ خواہش ہے کہ وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی پہلی سنچری اسکور کریں تاہم انھوں نے کبھی بھی سنچری کے بارے میں اس طرح نہیں سوچا کہ بس یہ ہوجائے اور ٹیم کے کام نہ آئے وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ آپ کی کوئی بھی ایسی اننگز جو ٹیم کے کام آئے وہ سنچری سے زیادہ اہم ہوتی ہے۔