فرانسیسی صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم کو پیرس ریلی میں شرکت سے روک دیا تھا

منگل 13 جنوری 2015 12:19

فرانسیسی صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم کو پیرس ریلی میں شرکت سے روک دیا ..

پیرس(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جنوری 2015ء) فرانس کے صدر فرانسو اولاند نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو پیرس میں منعقدہ ریلی میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا ‘بنجمن نیتن یاہو نے فرانسیسی صدر کے پیغام کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے ریلی میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق فرانس کے صدر فرانسو اولاند کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو اتوار کو دہشت گردی کے خلاف نکالی جانے والی پیرس ریلی میں شرکت سے روکنے کے لئے دیئے جانے والے پیغام میں کہا تھا کہ بہتر ہے کہ آپ پیرس ریلی میں تشریف نہ لائے کیونکہ اس سے یہود مسلم تنازع بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ فرانسیسی صدر کے سلامتی امور کے مشیر کا کہنا تھا کہ امید ہے نیتن یاہو ہماری مشکلات کو سمجھیں گے جو ان کے فرانس آنے کی صورت میں ہوسکتی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق فرانس کا یہ پیغام موصول ہونے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے اپنا دورہ پیرس منسوخ کردیا تھا تاہم بعد میں فیصلہ تبدیل کرکے ریلی میں شریک ہوگئے۔واضح رہے فرانس کے عوام کی اکثریت اسرائیل کے خلاف ہے اور اسرائیل کو فلسطینی تنازع میں جارح سمجھتی ہے جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطینی ریاست کے حق میں پیش کی گئی قرارداد کی فرانس نے بھی حمایت کی تھی۔