حکومتی اقدامات نظر انداز،بعض نجی تعلیمی اداروں نے سکیورٹی انتظامات کی مد میں چارجز کی وصولی کیلئے طلبا ء کو نوٹس جاری کر دئیے

منگل 13 جنوری 2015 13:34

حکومتی اقدامات نظر انداز،بعض نجی تعلیمی اداروں نے سکیورٹی انتظامات ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جنوری 2015ء) بعض پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے پنجاب حکومت کے واضح احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کی مد میں اضافی چارجز کی وصولی کیلئے طلبا ء کو نوٹس جاری کر دئیے ، محکمہ تعلیم نے معاملے کا علم ہونے پر کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ سانحہ پشاور کے بعد صوبائی حکومت کی طرف سے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو سکیورٹی انتظامات کے سلسلہ میں ایس او پیز جاری کیا گیا تھا جس پر تعلیمی اداروں کو ہزاروں روپے کے اخراجات کرنا پڑے ہیں ۔

(جاری ہے)

متعدد نجی تعلیمی اداروں نے حکومت کی طر ف سے جاری ایس او پیز پر تاحال مکمل عملدرآمد نہیں کیا اور صرف خانہ پری کرتے ہوئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ حکومت کی طرف سے واضح احکامات جاری کئے گئے تھے حفاظتی اقدامات کی مد میں کوئی بھی تعلیمی ادارہ طلباء سے قطعی طو رپر کوئی اضافی فیس /فنڈ وصول نہیں کرے گا تاہم اسکے باوجود بعض نجی تعلیمی اداروں نے طلباء کواس مد میں دوسے پانچ سو تک ادائیگی کے لئے نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ شکایات ملنے پر محکمہ تعلیم نے اس کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔