وزیر اعظم نے گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر میں بھی فوجی عدالتیں قائم کرنے کی منظوری دیدی

منگل 13 جنوری 2015 17:37

وزیر اعظم نے گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر میں بھی فوجی عدالتیں قائم کرنے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جنوری 2015ء)وزیر اعظم نے گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر میں بھی فوجی عدالتیں قائم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ہمارے معاشرے میں دہشتگردی یا دہشتگردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ منگل کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفر اللہ خان ‘ وزیراعظم کے پولیٹکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی ‘ سیکرٹری داخلہ ‘ اٹارنی جنرل اور نیکٹا کے قومی کوآرڈینیٹر نے دیگر سینئر حکام کے ہمراہ اجلاس میں شریک ہوئے اجلاس میں منظوری دی گئی کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کونسلز بھی 21 ویں آئینی ترمیم آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیں گی تاکہ ان علاقوں میں فوجی عدالتوں کے قیام میں سہولت ہو‘ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 23دسمبر 2014ء سے پنجاب اور وفاقی دارالحکومت کے علاقے میں منافرت پر مبنی تقاریر اور مواد کے استعمال پر 164 مقدمات درج کئے گئے ہیں ‘ 157افراد کو گرفتار کیا گیا ہے 40 پرنٹنگ پریس اور دکانوں کو سربمہر کیا گیا ‘لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال پر 1994 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور 1088 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے‘ پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں سے معلومات کا ابھی تک انتظار ہے‘ وزیراعظم محمد نواز شریف قومی لائحہ عمل پر ہمہ جہت اور فوری عملدرآمد کے بارے میں پیشرفت کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے ہیں اور آئندہ چند روز میں لائحہ عمل کے تمام 20نکات پر پیشرفت کے جائزہ کے لئے ایک اور اجلاس طلب کیا جائیگا اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کی نگرانی وہ خود کریں گے اور وہ آئندہ چند روزمیں پیشرفت کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قومی لائحہ عمل پر پیشرفت اور جلد عملدرآمد کی خود نگرانی کر رہا ہوں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔