والدین کی رضامندی کے ساتھ ہی کام کی رضامندی ظاہر کرتی ہوں‘سوناکشی

بدھ 14 جنوری 2015 12:40

والدین کی رضامندی کے ساتھ ہی کام کی رضامندی ظاہر کرتی ہوں‘سوناکشی

ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جنوری 2015ء) بالی ووڈاسٹارسوناکشی سنہا نے کہا ہے کہ فیشن کی دنیا میں کام کرتے ہوئے نام بنانا چاہتی تھی لیکن ایکٹنگ کے شعبے نے ایسی بے مثل شہرت دے ڈالی، جس کے بارے میں کبھی سوچا نہ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں ہر طرح کی فلمیں بنائی جاتی ہیں لیکن مجھے اپنے خوبصورت کلچر کی عکاسی کرنا زیادہ اچھا لگتا ہے۔

پاکستان اوراس کے لوگوں سے گہرا تعلق ہے، ہمارے گھر میں اکثر پاکستان اوریہاں کے باسیوں کے حوالے سے بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں بھی پاکستان آنا چاہتی ہوں لیکن اپنی مصروفیت کی وجہ سے تاحال یہ ممکن نہیں ہوسکا لیکن جب بھی موقع ملا تواپنے والدین کے ہمراہ پاکستان ضرور آوٴنگی۔اپنے ایک انٹرویو میں سوناکشی سنہا نے کہا کہ بالی وڈ میں جس طرح سے میری فنکارانہ صلاحیتوں کوسراہا گیا ، اس کے بعد فیشن انڈسٹری کی جانب واپسی کا موقع نہ مل سکا۔

(جاری ہے)

میری فیملی اورقریبی دوست احباب یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ میں فیشن ڈیزائنر کے طورپرکام کرنا چاہتی تھی لیکن قسمت کوکچھ اورہی منظورتھا۔ میری پہلی فلم ”دبنگ“ نے جہاں بھارت میں ریکارڈ بزنس کیا، وہیں دنیا کے بیشترممالک میں ہماری فلم کوبہت پسند کیا گیا اورمجھے پہلی فلم کے ذریعے بالی ووڈمیں ایک ایسی انٹری ملی جس کے لیے لوگوں کو برسوں لگ جاتے ہیں۔

پہلی فلم کے بعد آنے والی فلموں میں بھی ایسا ہوا، جس کا کریڈٹ اپنے والدین اورفیملی کودینا چاہتی ہوں۔انھوں نے کہا کہ فلموں میں کام کا سلسلہ جاری ہے اورمختلف موضوعات پربننے والی فلموں میں اہم کردار نبھارہی ہوں۔ جہاں تک بات بولڈ کرداروں کی ہے تومیں فلم سائن کرنے سے پہلے اسکرپٹ اوراپنے کردارکے بارے میں جاننے کو ترجیح دیتی ہوں اوراپنے والدین کی رضامندی کے ساتھ ہی کام کی رضامندی ظاہر کرتی ہوں۔

میں نہیں چاہتی کہ میرے کسی کام سے فیملی کو شرمندہ ہونا پڑے۔ایک سوال کے جواب میں سوناکشی نے کہا کہ میرے والد کا پاکستان سے بہت گہرارشتہ ہے۔ وہ جب بھی پاکستان جاتے ہیں توبہت سی یادوں کے ساتھ واپس آتے ہیں۔ اس لیے میرا بھی دل چاہتا ہے کہ پاکستان جاوٴں اورجب بھی موقع ملے گا تومیں خوشی سے یہاں آوٴں گی۔