عمران اور ریحام خان کادورہ آرمی پبلک سکول،شہید بچوں کے والدین کا شدید احتجاج،گو عمران گو کے نعرے لگ گئے

بدھ 14 جنوری 2015 13:52

عمران اور ریحام خان کادورہ آرمی پبلک سکول،شہید بچوں کے والدین کا شدید ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جنوری 2015ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان کا آرمی پبلک سکول کا دورہ۔شہید بچوں کے والدین کا شدید احتجاج ،عمران کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا۔گوعمران گو کے نعرے لگایئے۔پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپ ۔مزید نفری طلب کر لی گئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ آرمی پبلک سکول کا دورہ کیا ۔

وزیراعلیٰ پرویزخٹک بھی موجود تھے۔ اس موقع پر شہید ہونے والے بچوں کے والدین نے آرمی سکول کے باہر جمع ہو گئے اور عمران خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔عمران اپنی اہلیہ کے ہمراہ جب سکول گیٹ پر پہنچے تو مظاہرین نے ان کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا اور گوعمران گو کے نعرے لگائے۔اور غم وغصے کا شدید اظہار کیا جس کی وجہ سے عمران کو آرمی پبلک سکول کے عقبی گیٹ سے داخل ہونا پڑا۔

(جاری ہے)

ایک عورت عمران خان کا گریبان پکڑ کر اپنے بچوں کے خون کا حساب مانگتی رہی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ عمران خان ہمارے بچوں کی لاشوں پر سیاست کررہے ہیں ۔ان کو ہمارے بچوں سے کوئی ہمدردی نہیں ہے ۔ہمارے بچوں کو شہید ہوئے کچھ ہی دن ہوئے ہیں اور عمران نے کو اپنی شادی کی پڑی تھی ۔انہوں نے کہا کہ عمران ہم سے ہمدردی نہیں بلکہ یہ اپنی بیوی کے ساتھ سیر کرنے کے لئے آئے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان لاشوں پر سیاست کی بجائے دہشت گردی کا مسئلہ حل کریں ۔مظاہرین نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پرویز خٹک نے ہمیں گالیاں دیں اور ہمیں دھکے دیئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عمران خان کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔یہ ہمارے پیسوں پر ہیلی کاپٹروں کی سیر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے بچوں کی نہیں بلکہ اپنی خوشیاں عزیز ہیں اس لئے ہمارے بچوں کا چالیسیواں بھی نہیں ہوا کہ عمران نے شادی کر لی۔بچوں کے والدین نے کہا کہ ہم نے عمران خان کو ووٹ دیکر زندگی کی سب سے بڑی غلطی کی ہے۔اب ہم کبھی بھی تحریک انصاف کو ووٹ نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عمران نے ہمیں مشکل وقت میں چھوڑ دیا ہے ۔