ملتان‘زیر تعلیم طالبعلم زبیر نے حساس ادارے کے نمبرپر کال کرکے اپنا ہی سکول دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی دھمکی دے ڈالی

بدھ 14 جنوری 2015 15:49

ملتان‘زیر تعلیم طالبعلم زبیر نے حساس ادارے کے نمبرپر کال کرکے اپنا ..

ملتان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جنوری 2015ء) ملتان میں پولیس تھانہ بستی ملوک کے علاقے میں زیر تعلیم ساتویں جماعت کے طالبعلم زبیر نے حساس ادارے نمبر 1135 پر کال کرکے اپنا ہی سکول دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی دھمکی دے ڈالی‘ اطلاع ملنے پر خفیہ اداروں نے رات بھر کی محنت اور کاوش کے بعد طالبعلم زبیر اور اس کے دو ساتھیوں بلال جاوید اور رمضان کو گرفتار کرکے پولیس تھانہ بستی ملوک کے حوالے کردیا اور ملزمان کیخلاف دہشت گردی کی دفعہ 780A اور ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان سے مزید تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب ساڑھے چھ بجے کے قریب گورنمٹ ہائی سکول بستی ملوک میں زیر تعلیم ساتویں جماعت کے طالبعلم زبیر نے حساس اداروں کی جانب سے دہشت گردی بارے اطلاع دینے کیلئے دئیے گئے نمبر 1135 پر موبائل فون نمبر 0307-8696530 کے ذریعے دھمکی دی کہ وہ گورنمنٹ ہائی سکول بستی ملوک کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادے گا۔

(جاری ہے)

اس دھمکی آمیز کال کے ملنے پر خفیہ اداروں کے اہلکار فوری طور پر حرکت میں آگئے اور انہوں نے رات بھر کی محنت کے بعد ملزم زبیر اور اس کے دو ساتھیوں بلال جاوید اور رمضان کو گرفتار کرکے تھانہ بستی ملوک کے ایس ایچ او کے حوالے کردیا اور اسے ہدایت کردی کہ ملزموں کیخلاف دہشت گردی کی دفعہ 780A اور ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان سے تفتیش کرے اور مزید معلومات حاصل کرے۔

ذرائع کے مطابق ملزم زبیر کی عمر چودہ سال ہے اور وہ ساتویں طالبعلم ہے۔ جبکہ ملزم بلال جاوید پرائم فیڈ فیکٹری میں گیٹ کیپر کی حیثیت سے ملازم ہے اور موبائل فون نمبر 0307-8696530 کی سم بلال جاوید کے نام ہے جسے رمضان استعمال کرتا ہے۔ ملزمان کا تعلق راجپوت فیملی سے ہے اور تھانہ بستی ملوک کے علاقہ ترگڑ کے رہائشی ہیں۔

متعلقہ عنوان :