Live Updates

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا اہلیہ ریحام خان کے ہمراہ آرمی پبلک سکول پشاور کا دورہ،عمران خان بچوں میں گھل مل گئے ،بچے تصاویر بنواتے اور آٹو گراف لیتے رہے،بچوں کا جذبہ قابل ستائش ہے ،عمران خان،بچوں نے دوبارہ تعلیم شروع کر کے دہشتگردی کو شکست دی،ریحام خان

بدھ 14 جنوری 2015 19:16

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا اہلیہ ریحام خان کے ہمراہ آرمی پبلک ..

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آرمی پبلک سکول پشاور کا دورہ کیا جہاں سکول کے بچوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بدھ کے روز اپنی اہلیہ ریحام خان، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین ،مرکزی رہنما نعیم الحق، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر اور صوبائی وزراء و ایم پی ایز سمیت آرمی پبلک سکول پہنچے تو وہاں موجود سکول کے بچوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

طلباء نے اس موقع پر آئی آئی پی ٹی آئی اور گو نواز گو کے نعرے بھی لگائے۔طلباء عمران خان کی گیٹ پر آمد کے بعد ان سے گھل مل گئے اور ان کیساتھ تصاویر بنواتے اور آٹو گراف لیتے رہے ۔

(جاری ہے)

طلباء کے جھمگٹے کی وجہ سے عمران خان اوردیگر رہنما سکول کے گیٹ سے بلڈنگ کے اندر کافی دیر میں پہنچے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس موقع پر بچوں کے حوصلے کو سراہااور اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ طلباء تعلیم جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں جبکہ ان کی اہلیہ ریحام خان کا کہنا تھا کہ آج آرمی پبلک سکول کے بچوں کی ہمت کو سلام پیش کرنے آئے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ بچو ں نے دوبارہ تعلیم شروع کر کے دہشتگردی کو شکست دی ہے ۔قبل ازیں جب عمران خان کا قافلہ آرمی سکو ل پہنچا تو راستے میں کچھ افراد نے ان کا راستہ روکنے کی کوشش کی جن کے بارے میں خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنیوالوں دس سے بارہ لوگ تھے جنھوں نے کچھ دن قبل سیاسی مقاصد کیلئے شہداء فورم تشکیل دیا ہے جس میں اے این پی اور مسلم لیگ ن کے افراد شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس احتجاج کا مقصد شہداء سے یکجہتی نہیں بلکہ حکومت کو بدنام کرنا تھا ۔انھوں نے کہا کہ جن لوگوں نے احتجاج کیا ان کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے اور ہمارے پاس ان کی لسٹ موجود ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہم نے صوبے میں برداشت کی سیاست کو فروگ دیا اور مثالیں قائم کیں ،جے یو آئی نے جب سڑکیں بند کیں اس دن ہمارے جلوس بھی اسلام آباد جا رہے تھے لیکن ہم پیچھے ہٹ گئے اور کسی کو احتجاج سے نہیں روکا،صوبے میں بدمعاشی اور تصادم کی سیاست نہیں کرنے دینگے۔عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے بعد ازاں آرمی پبلک سکول کی شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے گھر کا دورہ کیا وروہاں ان کے لواحقین سے تعزیت اور اظہار ہمدری کی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات