سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر سے نوجوان لڑکی اغواء

جمعرات 15 جنوری 2015 11:11

سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر سے نوجوان لڑکی اغواء

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر سے پسند کی شادی کرنیوالی لڑکی کوا غواءکرلیاگیاتاہم دو اغواءکارشہریوں کے ہتھے چڑھ گئے جنہیں ہائیکورٹ کے سیکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کردیاگیااور امکان ظاہر کیاجارہاہے کہ ملزموں کے خلاف اغواءکا مقدمہ درج کرایاجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سبزہ زار کی سلیمہ بی بی نے نوید کے ساتھ پسند کی شادی کی تھی جس پر لڑکی کے اہل خانہ نے تھانہ سبزہ زار میں اغواءکا مقدمہ درج کرادیا۔

آج لڑکی ہائیکورٹ میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پہنچ رہی تھی کہ پہلے سے باہر موجود لڑکی کے اہل خانہ نے اُسے پکڑلیا اور رکشے میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئے تاہم موقع پر موجود ایک وکیل نے ہمت کرتے ہوئے ایک ملزم کو پکڑلیا جس کے بعد وہاں موجود شہری بھی مدد کو پہنچ گئے اور لڑکی کے باپ اور بھائی کو پکڑلیاتاہم ملزمان کے ساتھی لڑکی کو اغواءکرنے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس سارے معاملے میں وہاں موجود سیکیورٹی اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے اور بعدازاں پکڑے گئے ملزمان کو لاہورہائیکورٹ کے سیکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کردیاگیاہے اور امکان ظاہر کیاجارہاہے کہ پکڑے گئے ملزمان کیخلاف تھانہ انارکلی میں اغواءکا مقدمہ درج کیاجائے گا۔ پکڑے گئے ملزموں سے موقف لینے کی کوشش کی گئی تاہم اُنہوں نے کچھ بتانے سے گریز کیا اور الجھتے رہے جبکہ پسند کی شادی کرنیوالے نوید کے بارے میں معلومات حاصل نہیں ہوسکیں ۔ یادرہے کہ اس سے قبل لاہورہائیکورٹ کے باہر ہی پسند کی شادی کرنیوالی ایک خاتون کو پتھر مار مارکر قتل کیاجاچکاہے جس کی عالمی میڈیا نے بھی بھرپور کوریج کی تھی اورواقعہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بنا تھا۔

متعلقہ عنوان :