بھارت دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مشکلات پیدا کر رہا ہے: پاک فوج

جمعرات 15 جنوری 2015 19:11

بھارت دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مشکلات پیدا کر رہا ہے: پاک فوج

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15جنوری۔2015ء) میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت مسلسل سرحدی خلاف ورزیاں کرکے منظم طریقے سے پاگل پن کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ بھارت پاکستان کی امن کی خواہش سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا لندن میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے سرحدی خلاف ورزیاں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔

خطے میں امن کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سرحدی خلاف ورزیوں پر پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھارت کیساتھ تعلقات بہتر بنانے کی بھرپور کوشش کی اور اس سلسلے میں بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے بھی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

بھارت نے سیکرٹری سطح کے مذکرات معطل کئے۔ پاکستان نے بھارت کو ڈی جی سطح پر بھی مذاکرات کی دعوت دی تھی۔

بھارت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غلط الزام لگا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہونے والے واقعات سے غافل نہیں رہ سکتے۔ مسئلہ کشمیر پاک بھارت امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردوں کیخلاف بلا تفریق کارروائی کر رہی ہے۔ وزیرستان آپریشن میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ آپریشن ضرب عضب دہشتگردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ دہشتگردوں کیخلاف بلا تفریق کارروائی جاری ہے۔ کراچی ایئر پورٹ پر حملہ ہی اہم موڑ تھا جس کے بعد آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے اس عزم کا دوبارہ اعادہ کیا کہ پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :