عابدشیرعلی کی کھلی کچہرمیں تاخیر سے پہنچنے پر معذرت،

قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی وجہ تاخیرہوئی،وفاقی وزیرمملکت پانی وبجلی، حاضرین کے مسائل سن کرموقع پرحل کرنے کے احکامات جاری کئے

جمعرات 15 جنوری 2015 20:30

عابدشیرعلی کی کھلی کچہرمیں تاخیر سے پہنچنے پر معذرت،

راولپنڈی/ اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی پنجاب ہاؤس راولپنڈی میں لگائی جانیوالی کھلی کچہری میں 11 بجے کی بجائے 01 بجے پہنچے اور معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی وجہ سے لیٹ ہوگئے ہیں،انہوں نے کہا کہ وہ پنڈال میں بیٹھے ہوئے ہر شخص کا مسئلہ سن کر اور حل کیئے بغیر واپس نہیں جائیں گے اس موقع پر حاضرین نے بھرپور تالیاں بجائیں،ایک خاتون آسیہ بیگم نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ میرا بجلی کا میٹر اتار کر کہیں اور شفٹ کردیا گیا ہے تو وفاقی وزیر خود چل کر عورت کے پاس گئے اور متعلقہ ایس ڈی کو طلب کرکے اسے کھلی کچہری کے اختتام تک متاثرہ خاتون کا میٹر لگانے کی ہدایت کی جس پر وہ جھولیاں اٹھاکر چوہدری عابد شیر علی کو دعائیں دینے لگی،ایک خاتون نصرت بشیر اعوان نے بتایا کہ تلہ کنگ میں ایک موبائل کمپنی کا ٹاور لگانے کیلئے اس کے ملکیتی پلاٹ کے اوپر سے اجازت لیئے بغیر 11ہزار کے وی کی تاریں گزاری گئی ہیں جس پر وفاقی وزیر نے کمپنی کے خرچ پر 3 ہفتوں میں تاریں شفٹ کرنے کی ہدایت کی، ایم ایس ایف پنجاب کے سابق صدر بابر اعوان کی ہمشیرہ عذرا اعوان نے بتایا کہ ایک پولیس انسپکٹر نے بیعانہ دیکر ان کے پلازے پر قبضہ کرلیا ہے بقایا رقم کی ادائیگی بھی نہیں کی جارہی جس پروفاقی وزیر نے سی پی او راولپنڈی سے بات کرکے معاملہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی، این اے 52 اور حلقہ این اے 53 سے آئے ہوئے صارفین نے جب وفاقی وزیر کو بتایا کہ وہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حلقوں سے تعلق رکھتے ہیں تو وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے ایک موقع پر کہا کہ آپ نے اتنا محترم نام لیا ہے تو ڈیرہ خالصہ والوں کا کام کیوں نہیں ہوگا جبکہ ایک موقع پر از راہ مذاق کہا کہ یار! چوہدری نثار علی خان کا نام لیکر ڈرایا تو نہ کریں جس پر پورا پنڈال قہقہوں سے گونج اٹھا،واپڈا ہسپتالوں میں ہیپا ٹائٹس کی دوائی(سوالڈی) نہ ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ ہیلتھ منسٹری سے بات کرکے مسئلہ جلد حل کرادیں گے،وفاقی وزیر نے کئی جگہوں پر تارو ں کے گھچے ہٹانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری دن ایک بجے سے لیکر شام 5 بجے تک جاری رہی کئی مواقع پر کارکنوں نے نعرے لگانے کی بھی کوشش کی تاہم وفاقی وزیر نے یہ کہہ کر منع کردیا کہ ہم یہاں نعرے بازی کرنے نہیں بلکہ کام کرنے آئے ہیں میں ہر جگہ جاؤں گا اور صارفین کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، بعد ازاں مسلم لیگ (ن) میٹرو پولیٹن کے صدر سردار نسیم نے وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی کوراولپنڈی آمد پر سفید رنگ کی پشاور ی ٹوپی اورچادر کا تحفہ بھی پیش کیاجس پر وفاقی وزیر نے سردار نسیم کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :