غریب بھی پیٹرول پمپ کے مالک بن گئے ،موبائل پیٹرول پمپ ایجاد،

شدید قلت کے بعد پیٹرول کی بلیک میں 300روپے فی لیٹر تک فروخت

جمعرات 15 جنوری 2015 20:37

غریب بھی پیٹرول پمپ کے مالک بن گئے ،موبائل پیٹرول پمپ ایجاد،

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) ویسے تو غریب آدمی پیٹرول پمپ لگانے بارے خواب میں بھی نہیں سوچ سکتا تاہم پنجاب بھر میں شدید قلت کے بعد غریب عوام نے بھی اپنے پیٹرول پمپ قائم کر لئے ، لوگوں نے موبائل پیٹرول پمپ کی نئی ایجاد کر لی جہاں پر قیمت فی لیٹر 300تک وصول کی جارہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ چار روز سے پیٹرول کی شدید قلت بر قرار ہے جسکے بعد غریب کے نام پر مافیا بھی میدان میں آگیا ہے ۔

عام عوام کو موٹر سائیکل میں ڈالنے کے لئے پیٹرول دستیاب نہیں جبکہ کئی مقامات پر موبائل پیٹرول پمپ قائم کر لئے گئے ہیں۔ لاہور میں گزشتہ روزکئی مقامات پر ایسے افراد کو پیٹرول فروخت کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے جو پانی کے کولر یا اس طرح کے بڑے برتنوں کو ٹوٹی لگا کر اس میں پیٹرول رکھ کر فروخت کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے ذریعے پیٹرول پیمانے میں لیا جاتا ہے اور اسے پلاسٹک کی کپی کے ذریعے ٹینکی میں انڈیل دیا جاتا ہے ۔

یہاں پر پیٹرول 300روپے فی لیٹر تک دستیاب ہے اور شہری اپنی مجبوری کو دیکھتے ہوئے منہ مانگی قیمتوں پر پیٹرول حاصل کر رہے ہیں۔اس پیٹرول میں مٹی کے تیل کی ملاوٹ بھی کی جارہی ہے ۔جب اس سلسلہ میں پیٹرول فروخت کرنے والوں سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھاکہ غریب آدمی ہیں ،مہنگے داموں خرید کر لائے ہیں اور اسی طرح آگے فروخت کر رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :