پیر سے جمعہ تک بارشوں کی پیشگوئی، مری سمیت بالائی علاقوں میں برفباری ہوگی

ہفتہ 17 جنوری 2015 10:55

پیر سے جمعہ تک بارشوں کی پیشگوئی، مری سمیت بالائی علاقوں میں برفباری ..

لاہور/ ملتان/ کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جنوری2015ء) محکمہ موسمیات نے پیر سے جمعے تک ملک میں بارشوں کی نوید سنا دی ، اس دوران مری سمیت ملک کے اکثر بالائی علاقوں میں برفباری ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سبب بنے والی مغربی ہوائیں پیر کے روز بلوچستان میں داخل ہو کر ایک روز بعد بالائی علاقوں میں پہنچ جائیں گی۔ بالائی علاقے جمعے کے روز تک ان ہواؤں کے زیر اثر رہیں گے جس کے باعث منگل سے جمعے تک اکثر بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوگی جبکہ بلوچستان میں کہیں کہیں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

بارش کے اس نئے سلسلے کے ساتھ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند ختم ہونے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بھی چند ایک مقامات پر بادل برس سکتے ہیں ۔ موسم کا حال بتانے والوں نے گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے ۔ ملتان شہر اور گردونواح میں صبح کے وقت دھند کے بادل چھائے رہے تاہم سورج کی کرنیں پڑنے کے بعد دھند غائب ہوگئی ۔ بلوچستان کے سرد علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے ، قلات میں منفی 6،زیارت منفی 5 جبکہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :