تحریک انصاف کے رہنما سینیٹ ٹکٹ کیلئے کوشاں

ہفتہ 17 جنوری 2015 12:20

تحریک انصاف کے رہنما سینیٹ ٹکٹ کیلئے کوشاں

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جنوری2015ء) اب جبکہ مارچ میں سینیٹ کے الیکشن متوقع ہیں، تو پاکستان تحریک انصاف وہ پارٹی جس نے چند ماہ قبل اسلام آباد میں اپنے دھرنے کے دوران موجودہ نظام کو مسترد کرتے ہوئے دھاندلی کے ذریعے منتخب ہونے والی پارلیمنٹ کا حصہ بننے سے انکار کردیا تھا، کے کچھ رہنما اب سینیٹ کے ٹکٹ کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اپنی ایک اور شرط سے دستبردار ہونا پڑے گا، جو وہ اسلام آباد کے ڈی چوک پر اپنے 126 دنوں پر محیط دھرنے کے دوران بارہا دہرا چکے ہیں۔ یاد رہے کہ عمران خان متعدد بار یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اس وقت تک پارلیمنٹ میں نہیں آئیں گے جب تک حکومت 2013 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے راضی نہ ہو جائے۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف کے 34 اراکین قومی اسمبلی پہلے ہی اسپیکر ایاز صادق کو اپنے استعفیٰ جمع کراچکے ہیں تاہم ابھی انھیں منظور نہیں کیا گیا۔