نجی اکیڈمی کی فرسٹ ایئر کی دو طالبات کی خودکشی

ہفتہ 17 جنوری 2015 13:05

نجی اکیڈمی کی فرسٹ ایئر کی دو طالبات کی خودکشی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جنوری2015ء)رائے ونڈ کے علاقے میں نجی اکیڈمی میں زیر تعلیم فرسٹ ایئر کی 2طالبات نے مبینہ طور پر زہریلی گولیاں نگل کرزندگی کا خاتمہ کرلیا۔مقامی اخبار کے مطابق 16سالہ انعم اور 17سالہ مسکان نے زہریلی گولیاں نگلیں جس سے ان کی حالت غیر ہو گئی جس پر اکیڈمی کی انتظامیہ نے والدین کو اطلاع دے کر ان کو ہسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

(جاری ہے)

والدین اور اکیڈمی انتظامیہ نے پولیس کو واقعہ سے 5گھنٹے تک لاعلم رکھا اور پولیس کو بتائے بغیر لاشیں ہسپتال سے گھروں میں لے گئے۔اطلاع ملنے پر پولیس بھی متوفی لڑکیوں کے گھر پہنچ گئی اورتعاون نہ کرنے پر تین افراد کو حراست میں لے لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کے والدین کو ئی بھی بات نہیں بتا رہے تاہم اکیڈمی انتظامیہ نے بتا یا کہ لڑکیوں نے خودکشی محبت میں ناکامی کی وجہ سے کی ہے ، ایس ایچ او رائے ونڈ سٹی نے بتایاکہ والدین کا کہنا تھا کہ لڑکیوں نے خودکشی کی اس لیے ہم پوسٹمارٹم نہیں کروانا چاہتے جس کے بعد زیر حراست افراد کو چھو ڑ دیا۔