کراچی اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور نیا ریکارڈ قائم کر دیا،

ہفتہ 17 جنوری 2015 17:42

کراچی اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور نیا ریکارڈ قائم کر دیا،

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء) کراچی اسٹاک مارکیٹ نے گذشتہ ہفتہ تمام سابقہ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے ایک اور نیا ریکارڈ قائم کر دیا،کے ایس ای 100انڈیکس 33953پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھونے بعد 33786پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بندہوا۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 45ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 77کھرب روپے سے تجاوز کرگیا۔

گزشتہ ہفتہ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہو ااور پہلے روز ہی انڈیکس 33418پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا تاہم دوسرے روز منافع خوری کی خاطر فروخت کے دباؤ نے مارکیٹ کو منفی زون میں رکھا اور انڈیکس 33371پوائنٹس پر واپس آگیا بعد ازاں بدھ کے روز سے رونما ہونے والی تیزی کا سلسلہ جمعہ تک برقرار رہا۔

(جاری ہے)

سرمایہ کاروں کے مطابق نتائج سیزن کاآغاز جنوری کے اختتام سے شروع ہورہاہے جبکہ بینکنگ سیکٹر کے سالانہ اچھے مالیاتی نتائج کے توقعات اور شرح سود میں آدھے سے 1 فیصد متوقع کمی کی وجہ سے نہ صرف مارکیٹ میں تیزی دیکھی جارہی بلکہ اس سے سیمنٹ ، ٹیکسٹائل اورپاور سیکٹر کو بھی مزید تقویت مل رہی ہے ۔

سرمایہ کاروں کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں استحکام کی وجہ سے مقامی آئل اینڈ گیس کے حصص سرمایہ کاروں کی توجہ کامرکز بنے ہوئے ہیں ،زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اورفی الوقت کی سیاسی صورتحال مارکیٹ کو مثبت رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ عالمی مارکیٹ تیل کی گرتی قیمتیں مارکیٹ کومثبت رکھ سکتی ہے کوئلے کی قیمتوں میں کمی سے سیمنٹ سیکٹر کے مارجن میں بہتری کی توقعات نمایاں ہونے سے سیمنٹ سیکٹر کے حصص کی خریداری بھی معمول سے زیادہ ہے۔

اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق رزلٹ سیزن کے آغاز، کمپنیوں کے بہتر مالی نتائج اور شرح سود میں متوقع کمی وہ عوامل ہیں جو بازار حصص کو مسلسل اْوپر لے جارہے ہیں اگر صورتحال جوں کی توں رہی تو نئے کاروباری ہفتہ میں کے ایس ای100انڈیکس 34ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور کر سکتا ہے ۔کراچی اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس میں 461.62پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں 100انڈیکس 33400‘ 33500‘ 33600اور 33700پوائنٹس کی 4 بالائی حدوں کو عبور کرنے میں کامیاب ہوگیا اس طرح کاروباری ہفتہ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 33324.82پوائنٹس سے بڑھ کر 33786.44پوائنٹس پر بند ہوا۔

کے ایس ایس ای 100انڈیکس 179.12پوائنٹس کے اضافے سے 21799.48پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 24298.23پوائنٹ سے بڑھ کر 24446.87پوائنٹس پر جا پہنچا۔ کاروباری سرگرمیوں میں تیزی اور حصص کی خریداری میں اضافے کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران 45ارب 94کروڑ 45لاکھ 75ہزار 33روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 76کھرب 64ارب 58 کروڑ 3لاکھ 72ہزار 3967روپے سے بڑھ کر 77کھرب 10ارب 52کروڑ 49لاکھ 47 ہزار 430روپے ہوگیا۔

گزشتہ ہفتہ کم سے کم کاروباری لین دین 25کروڑ 50لاکھ شیئرز رہا اور ٹریڈنگ ویلیو 12ارب روپے تک محدود دیکھا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 39کروڑ 9لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا اور اس کا ٹریڈنگ ویلیو 17ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ گزشتہ ہفتہ مارکیٹ میں4دن تیزی اور ایک دن مندی کا رجحان رہا جبکہ مجموعی طور پر گزشتہ ہفتہ 2007کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 1060کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ‘ 862میں کمی اور 85کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے پاک انٹرنیشنل بلک‘ جہانگیر صدیقی کمپنی‘ کے الیکٹرک لمیٹڈ‘ بینک آف پنجاب‘ پاک الیکٹرون‘ پی آئی اے‘ پرویز احمد‘ ٹی آر جی لمیٹڈ‘ ہم نیٹ ورک اور بائیکو پٹرولیم سرفہرست رہے۔

متعلقہ عنوان :