آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی محمد ہارون میمن کی قیادت میں تاجروں کے وفد کی سیپکو کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر عبدالغفار ماکو سے ملاقات

ہفتہ 17 جنوری 2015 20:29

سکھر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی محمد ہارون میمن کی قیادت میں تاجروں کے ایک وفد نے سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر عبدالغفار ماکو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ایکسئین راج کمار، روینیو آفیسر، متعلقہ سب ڈویژنز کے ایس ڈی اوزسمیت وفد میں شامل و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

وفد نے سیپکو افسران کو آگاہ کیا کہ آپ کے تمام تر وعدوں اور اقدامات کے باوجود سیپکو اہلکار تاجر برادری کو زائد ریڈنگ، ڈٹیکشن شدہ بلز ارسال کرکے ذہنی امراض کا شکار بنار ہے ہیں، سیکڑوں اضافی یونٹس کے سبب چھوٹے تاجروں کو اپنا کاروبار جاری رکھنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے، جس سے تاجر برادری میں شدید غم و غصہ پھیل رہا ہے، زائد ریڈنگ اور ڈٹیکشن شدہ بلز کی درستگی اور آئندہ درست بلز کے اجراء کے لئے موثر اقدامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ای عبدالغفار ماکو و دیگر افسران نے تاجر رہنماؤں کو شکایات کے ازالے کی بھرپور یقین دہانی کرائی کراتے ہوئے کہاکہ زائد ریڈنگ اور ڈٹیکشن شدہ بلز ارسال کرنیوالے اہلکاروں کیخلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور زائد ریڈنگ کے بلز بھی درست کرکے دیے جائینگے جبکہ سکھر میں پہلی مرتبہ ہم نے جدید مشینری کا استعمال شروع کردیا ہے اور آئندہ ارسال کردہ بلوں میں میٹر کی تصویر بمعہ درست ریڈنگ بھی شائع کی جائیگی تاکہ بلز ادا کرنیوالے صارفین کو پریشانی سے بچایا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہاکہ تاجر برادری ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، تاجروں کو درپیش مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے، مسائل کے حل کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور انشاء اللہ آئندہ تاجر برادری کو کسی بھی قسم کی شکایات نہیں ہوگی۔