بھارت میں میکڈونلڈز کا بچے کے ساتھ ’ناروا سلوک‘

اتوار 18 جنوری 2015 18:28

بھارت میں میکڈونلڈز کا بچے کے ساتھ ’ناروا سلوک‘

پونے(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18جنوری۔2015ء) بھارت کے مغربی شہر پونے میں میکڈونلڈز کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ایک ریستوران میں ایک سٹریٹ چائلڈ کو مبینہ طور پر باہر نکال دینے کے واقعے کی تحقیقات کروا رہے ہیں۔اِس بچے کو ایک خاتون نے ڈرنک خرید کر دینے کی پیش کش کی تھی لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق انھیں میکڈونلڈز کے عملے نے یہ کہہ کر باہر نکال دیا کہ ’اِس طرح کے لوگوں کو یہاں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

‘میکڈونلڈز کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کی حمایت نہیں کرتا اور اس واقعے میں ملوث عملے کو معطل کردیا گیا ہے۔یہ شہر کا قدیمی میکڈونلڈز کا سلسلہ ہے اور اس کمپنی کے انڈیا کے نائب صدر نے کہا ہے کہ جہاں ضرورت ہوگی کمپنی اپنے عملے کی از سر نو تربیت کرائے گی۔

(جاری ہے)

کمپنی کو اس واقعے کی وجہ سے سوشل میڈیا کی ویب سائیٹس پر تنقید کا سامنا ہے۔

مقامی اخبار ’پونے مرر‘ کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ ہفتے اس وقت پیش آیا جب ممبی سے آنے والی ایک خاتون شاہین عطر والا نے ایک بچے کو میکڈونلڈز کے گرد چکر لگاتے دیکھا اور انھوں نے اسے ایک ڈرنک دلوانے کے لیے قطار میں کھڑا کر لیا تاہم ریستوراں کے ایک عملے نے آ کر اسے وہاں سے نکال دیا۔میکڈونلڈز کے عملے کی اس حرکت پر شاہین نے احتجاج کے باوجود اس بچے کو قطار سے نکال دیا گیا۔

شاہین نے بعد میں اپنے ساتھ اس بچے کی تصویر اور ڈرنک کے بل کی تصویر لے کر سوشل میڈیا پر ڈالی جس کے بعد اس کے خلاف رد عمل آیا۔اخبار کے مطابق گذشتہ سنیچر کو چند افراد نے میکڈونلڈز کے خلاف مظاہرہ کیا، نعرے لگائے اور اس کے دروازے اور شیشوں پر گوبر پھینکا جس کی وجہ سے ریستوران کو تھوڑی دیر کے لیے بند کرنا پڑا۔اخبار کے مطابق پولیس افسر پی اے چوگھلے کا کہنا ہے کہ پولیس ان لوگوں کی تلاش میں ہے جنھوں نے ریستوراں پر گوبر پھینکا تھا۔

متعلقہ عنوان :