ایشوریہ رائے 2010ء کے بعد دوبارہ فلموں میں نظر آنے والی ہیں

پیر 19 جنوری 2015 11:50

ایشوریہ رائے 2010ء کے بعد دوبارہ فلموں میں نظر آنے والی ہیں

ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایشوریہ رائے بچن آخری بار 2010 میں فلم ’گزارش‘ میں نظر آئی تھیں اور اب وہ بہت جلد دوبارہ فلموں میں نظر آنے والی ہیں۔ایشوریہ رائے بچن نے سنہ 2011 میں ماں بننے کے بعد فلموں سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی اور اس دوران وہ اپنی بیٹی ارادھیہ کی پرورش و پرداخت میں منہمک رہیں۔

اب وہ ہدایتکار سنجے گپتا کی فلم ’جذبہ‘ میں نظر آنے والی ہیں۔اطلاعات کے مطابق اس فلم کی شوٹنگ اپریل میں ختم ہو جائے گی اور جون میں اس کا پری ویو ہوگا جبکہ اسے ستمبر کے مہینے میں ریلیز کیا جائے گا۔ایشوریہ رائے سے گذشتہ تین برسوں میں میڈیا جب بھی واپسی کے بارے میں دریافت کرتی تو وہ یہ کہتی تھیں کہ وہ سکرپٹس پڑھ رہی ہیں اور اچھی سکرپٹ ملنے پر فلم کے لیے حامی بھریں گی۔

(جاری ہے)

ایشوریہ رائے نے تمل فلم اروور سے اپنے فلمی کریئر کا آغاز کیا تھا-میڈیا نے ان سے پوچھا کہ انھوں نے فلم ’جذبہ‘ کرنے کا فیصلہ کس طرح لیا؟اس سوال کے جواب میں ایشوریہ نے کہاکہ میں گذشتہ تین سالوں سے ارادھیا کے ساتھ مصروف تھی۔ مجھے ارادھیا کے ساتھ وقت کا پتہ تک نہیں چلا کہ کب اتنا وقت نکل گیا۔ سنجے گپتا نے پہلے ابھیشیک سے پوچھا کہ کیا ایشوریہ اب فلمیں کرنے کے لیے تیار ہیں؟ ابھیشیک نے مجھ سے پوچھا کہ فلم کروگی تو میں نے ہاں کہہ دیا۔‘انھوں نے مزید کہاکہ مجھے ان تین برسوں میں بہت مزہ آیا اور میں بہت خوش ہوں کہ میں نے یہ تین سال اپنی بیٹی ارادھیا کو دیے۔فلم ’جذبہ‘ میں ایشوریہ کے ساتھ معروف اداکار عرفان خان ہیں جو کہ اس فلم کے بارے میں بہت پرجوش ہیں۔