بہاول پور،دس سالہ بچی کو سکول ٹیچر کی طرف سے زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش ، انصاف کامتلاشی والد آر پی او آفس پہنچ گیا،گھنٹوں انتظار کے باوجود ملاقات نہ ہو سکی

پیر 19 جنوری 2015 19:27

بہاول پور،دس سالہ بچی کو سکول ٹیچر کی طرف سے زیادتی کا نشانہ بنانے کی ..

بہاول پور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے باعث لمبی چھٹیوں کے بعد 12جنوری کو سکولوں کے کھلنے سے جہاں لاکھوں بچوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے وہیں پر ضلع رحیم یار خان کے نواحی علاقہ کی رہائشی پانچ بھائیوں کی اکلوتی دس سالہ بہن اپنے سکول ٹیچر کی جانب سے مبینہ طور پرچھٹیوں کے بعد پہلے ہی دن زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کے باعث سکول کے نام سے ہی خوف زدہ ہے ،انصاف کامتلاشی والد بچی سمیت آر پی او آفس بہاولپور پہنچ گیالیکن گھنٹوں انتظار کے باوجود ملاقات نہ ہوسکی ،آر پی او آفس کے سامنے بچی کے والد نے دھاڑیں مار کر روتے ہوئے کہا کہ اگر انصاف مہیا نہ کیا گیا تو آر پی او آفس کے سامنے بچی سمیت خود کو آگ لگا لے گا۔

ضلع رحیم یار خان کے نواحی علاقہ رکن پور کے رہائشی طالب حسین نے بہاولپور میں آر پی او آفس کے سامنے روتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ لمبی چھٹیوں کے بعد 12جنوری کو سکول کھلنے پر اس کی دس سالہ بیٹی عقیلہ بی بی بھی علاقہ کے واحد بوائز پرائمری سکول جہاں چھوٹی بچیاں اور بچے ایک ساتھ ہی تعلیم حاصل کرتے ہیں سکول گئی جہاں مبینہ طور پر سکول کے ٹیچر ماسٹر ریاض نے بچی سے زیادتی کی کوشش کی لیکن بچی کے شور مچانے پر کوشش ناکام ہوگئی ۔

(جاری ہے)

تاہم بچی واقع سے سہم گئی اور سکول کے نام سے ہی خوف زدہ ہوگئی۔بچی کے والد نے بتایا کہ خواف زدہ بچی کے بتانے پر تھانہ رکن پور میں 14جنوری کو مقدمہ نمبر 19612درج کرایا گیا جس پر ملزم کو 16جنوری کو جوڈیشل کر دیا گیا لیکن 17جنوری کو تھانے کے ایس ایچ او رمضان جانی اور کیس کے تفتیشی اکرم سندھو نے دو لاکھ روپے رشوت لے کر مقدمہ کو خارج کر دیا جبکہ اس سے پہلے ملزم نے پولیس کے سامنے پنچائت میں اپنا جرم بھی قبول کیا ہوا تھا ۔

بچی کے والد نے بتایا کہ مقدمہ خارج ہونے پر متعدد بار ڈی پی اور ڈی ایس پی رحیم یار خان کے دفتر کے چکر لگا چکا ہوں لیکن افسران سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی رہی جس سے تنگ آکر بہاولپور میں آر پی او آفس انصاف کی فریاد لے کر آیا ہے ۔طالب حسین نے مزید بتایا کہ اگر آر پی او سے بھی انصاف نہ ملا تو بچی سمیت خود کو آر پی او کے دفتر کے سامنے آگ لگا کو خود سوزی کرلے گا