بھارت کے خلاف مقررہ مدت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان جارج بیلی کو ایک میچ کیلئے معطل کر دیا گیا

پیر 19 جنوری 2015 21:21

بھارت کے خلاف مقررہ مدت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر آسٹریلوی کرکٹ ٹیم ..

سڈنی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) بھارت کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میچ کے دوران مقررہ مدت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان جارج بیلی کو ایک میچ کیلئے معطل کر دیا گیا آئی سی سی کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق انھیں اپنی میچ فیس کا 20 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنا ہوگا جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ کیا گیامیلبرن میں اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں بھارتی اننگز کے دوران مقررہ وقت میں آسٹریلوی ٹیم 49 اوورز ہی کروا سکی تھی اس پر آئی سی سی کے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے آسٹریلوی کپتان اور ٹیم پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔

جارج بیلی کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم چونکہ گذشتہ بارہ ماہ کے دوران ایک مرتبہ پہلے بھی سست رفتاری سے گیند بازی کی مرتکب ہو چکی تھی اس لیے کپتان بیلی کو جرمانے کے ساتھ ساتھ ایک میچ کی معطلی کی سزا بھی دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے مطابق جارج بیلی نے ضابط اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام پر دی جانے والی سزا کو قبول کیا ہے اس لیے اب سے معاملے کی باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں ہے۔آسٹریلیا نے سہ فریقی سیریز کے اس میچ میں بھارت کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی اور وہ اب تک سیریز میں اپنے دونوں میچ جیت چکا ہے۔آسٹریلوی ٹیم اس سیریز میں اپنا اگلا میچ ہوبارٹ میں 23 جنوری کو کھیلے گی۔

متعلقہ عنوان :