ضلعی انتظامیہ نے شہر کے ہر پٹرول پمپ پر ایک سرکاری اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ ،

سرکاری ملازمین پٹرول پمپس پر پٹرول کی سپلائی اور فروخت کو مانیٹر کریں گے ‘ ذرائع

پیر 19 جنوری 2015 21:26

ضلعی انتظامیہ نے شہر کے ہر پٹرول پمپ پر ایک سرکاری اہلکار تعینات کرنے ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء)ترجمان ضلعی انتظامیہ لاہور نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے شہر کے ہر پٹرول پمپ پر ایک سرکاری اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اپنے مقررہ پمپ پر صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک ڈیوٹی سرانجام دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین پٹرول پمپس پر پٹرول کی سپلائی اور فروخت کو مانیٹر کریں گے اورپٹرول پمپس پر سپلائی ختم ہونے پر ملازمین فوری طور پر کنٹرول روم کو مطلع کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ پٹرول پمپس پر کسی بھی مسئلے کی صورت میں کنٹرول روم کو فوری اطلاع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر پمپ پر سرکاری ملازم کے کھڑے ہونے سے اوور چارجنگ پر 100 فیصد قابو پالیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ 24گھنٹوں میں لاہور کے تمام پٹرول پمپس پر پٹرول کی سپلائی کو ممکن بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور کے تیل سپلائی کر نے والی کمپنیوں سے رابطے میں ہے اور اگلے24گھنٹوں میں لا ہور کے تمام پمپس پر تیل کی سپلائی اور فروخت کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ ایدھی،ریسکیو1122اور دیگر ہسپتالوں کی ایمبولینسیز کو تیل کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف حصوں میں11پٹرول پمپس مختص کیے ہیں۔