خواجہ سعد رفیق کی آمد سے قبل رائے ونڈ میں”جن“آگئے ،راشی ریلوے افسران نے تجاوزات کا گھنٹوں میں صفایا کردیا

پیر 19 جنوری 2015 22:50

خواجہ سعد رفیق کی آمد سے قبل رائے ونڈ میں”جن“آگئے ،راشی ریلوے افسران ..

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء ) وفاقی وزیرریلوئے خواجہ سعد رفیق کی آمد سے قبل رائے ونڈ میں”جن“آگئے ۔راشی ریلوئے افسران نے تجاوزات کا گھنٹوں میں صفایا کردیا ۔وزیر کے روانہ ہوتے ہی تجاوزات قائم ہونا شروع ہو گئیں ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز وفاقی وزیر ریلوئے خواجہ سعد رفیق کی رائے ونڈ جنکشن آمد کی اطلاع پر مقامی ریلوے افسران آئی او ڈبلیو رانا منور ،ریلوے پولیس افسران نے ریلوئے پھاٹک قصور روڈ ،ریلوے پھاٹک للیانی روڈ ،تبلیغی مرکز ،ریلوئے روڈ سمیت دیگر علاقوں پر قائم سینکڑوں تجاوزات کا چند گھنٹوں میں صفایا کرکے صاف میدان کردیا ریلوے وزیر کے شہر میں متوقع دورہ کے پیش نظر مذکورہ افسران نے عارضی قبضہ گروپوں کو ہنگامی بنیادوں پر روپوش کروادیا دو گھنٹے وفاقی وزیر کے رائے ونڈ موجودگی کے دوران رائے ونڈ میں ریلوے اراضی کو ”پاک“کردیا گیا۔

(جاری ہے)

وقت کی کمی کے باعث وزیر ریلوے مذکورہ مقامات کا دورہ نہ کرسکے تاہم راشی ریلوے افسران وفاقی وزیر کو تجاوزات کے حوالے سے درست معلومات فراہم نہ کر سکے جس پر خواجہ سعد رفیق نے لینڈ ڈائریکٹر سمیت دیگر افسران کی سرزنش بھی کی ۔بعدازاں ریلوے وزیر کی روانگی کے صرف ایک گھنٹہ بعد عارضی تجاوزات کے قیام کا سلسلہ شروع ہوگیا واضح رہے کہ آئی او ڈبلیو سمیت مقامی ریلوے افسران عارضی تجاوزات سے لاکھوں روپے یومیہ بھتہ اکھٹا کررہے ہیں ۔