حکومت نے کبھی کسی سیاست دان کا فون ٹیپ کرنے کا نہیں کہا اور نہ ہی ارکان پارلیمنٹ اور صحافیوں کے فون ٹیپ کیے جا رہے ہیں ،ڈائریکٹر آئی بی ،

فون ٹیپ کرنے سے کراچی میں کالعدم ٹی ٹی پی کے کئی عسکریت پسند گرفتار کئے گئے ہیں ، آفتاب سلطان کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ ، کمیٹی نے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے فون ٹیپ کرنے کے معاملے پر ڈی جی آئی بی سے 10روز میں رپورٹ طلب کرلی

پیر 19 جنوری 2015 23:02

حکومت نے کبھی کسی سیاست دان کا فون ٹیپ کرنے کا نہیں کہا اور نہ ہی ارکان ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ڈائریکٹر جنرل آفتاب سلطان نے کہا ہے کہ حکومت نے انہیں کبھی کسی سیاست دان کا فون ٹیپ کرنے کا نہیں کہا اور نہ ہی ارکان پارلیمنٹ اور صحافیوں کے فون ٹیپ کیے جا رہے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق کے مطابق سینیٹر طاہر مشہدی کی صدارت میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں سابق وزیرخزانہ سلیم مانڈوی والا کے ٹیلی فونز ٹیپ کرنے کے معاملے کا جائزہ لیا گیا تھا۔

ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان نے اجلاس کے دوران کمیٹی کو بتایا کہ ان کی جانب سے کبھی سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا فون ٹیپ کرنے کی ہدایت نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی ان کے ٹیلی فون ٹیپ کرنے کے حوالے سے کوئی علم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ ان کے دستخط کے بغیر کوئی فون ٹیپ نہیں کیا جاسکتا ہے۔آفتاب سلطان کا کہنا تھا کہ فون ٹیپ کرنے سے کراچی میں کالعدم ٹی ٹی پی کے کئی عسکریت پسند گرفتار کئے گئے ہیں اور جن لوگوں کے فون ٹیپ کیے جاتے ہیں ان میں 98 فیصد دہشتگردی میں ملوث ہوتے ہیں۔

ڈی جی آئی بی نے کہاکہ کسی بھی سویلین کا فون ٹیپ کیا جا سکتا ہے تاہم وزیراعظم کو وقتاً فوقتاً آگاہ رکھا جاتا ہے اس موقع پر کمیٹی نے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے فون ٹیپ کرنے کے معاملے پر ڈی جی آئی بی سے 10روز میں رپورٹ طلب کرلی۔