نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو چوتھے ایک روز ہ میچ میں چار وکٹوں سے شکست دے دی

منگل 20 جنوری 2015 14:07

نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو چوتھے ایک روز ہ میچ میں چار وکٹوں سے شکست دے ..

نیلسن ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جنوری 2015ء ) نیلسن میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔اس فتح کے نتیجے میں میزبان ٹیم کو سات میچوں کی سیریز میں دو ایک سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔منگل کو سیکسٹن اوول گراوٴنڈ پر کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے کین ولیمسن کی عمدہ سنچری کی بدولت 277 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ولیمسن نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 103 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔ یہ ایک روزہ کرکٹ میں ان کی چوتھی سنچری تھی۔ان کے علاوہ کورے اینڈرسن اور گریک ایلیئٹ نے بھی بالترتیب 47 اور 44 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔سری لنکا کی جانب سے مینڈس، ہیراتھ، پریرا، میتھیوز اور کلاسیکرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔

(جاری ہے)

کمارا سنگاکارا اس میچ میں ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سری لنکن بلے باز بن گئے۔اس سے پہلے سری لنکا کی اننگز کے دوران تجربہ کار بلے باز مہیلا جیا ودرھنے کی 94 رنز کی اہم اننگز کی بدولت مہمان ٹیم 276 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے جے وردھنے کے علاوہ سنگاکارا نے بھی نہ صرف نصف سنچری بنائی بلکہ وہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سری لنکن بھی بن گئے۔

ایک روزہ کرکٹ میں ان کے رنز کی تعداد اب 13490 ہو چکی ہے اور وہ ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں بھارت کے سچن تندولکر اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کے بعد تیسرے نمبر ہر ہیں۔منگل کے میچ میں سنگاکارا نے سنتھ جے سوریا کو پیچھے چھوڑا جنھوں نے اپنے کریئر میں ون ڈے میچ میں 13430 رنز بنائے تھے۔نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو اس میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔سات میچوں کی اس سیریز کا پہلا میچ نیوزی لینڈ نے تین جبکہ دوسرا سری لنکا نے چھ وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ تیسرا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :