دورہ نیوزی لینڈ کے لیے جنید خان کی انجری کے پیش نظر فاسٹ بالر بلاول بھٹی کو اضافی بالر کے طور پر ٹیم میں شامل کر لیاگیا،

مصباح کی درخواست پر بلاول بھٹی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ،جنید خان فٹ ہوئے تو انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ضرور بنایا جائیگا‘ معین خان، ورلڈ کپ میں شمولیت کا سو فیصد امکان ہے ، نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے ایک دو دن میں روانہ ہونگے‘ بلاول بھٹی کی نجی ٹی وی سے گفتگو ، جنید خان گزشتہ ہفتے ٹریننگ کیمپ کے دوران پھلسنے سے انجری کا شکار ہو گئے تھے، فاسٹ بالر کا ایم آر آئی اسکین کرایا گیا ،رپورٹ تسلی بخش تھی

منگل 20 جنوری 2015 21:07

دورہ نیوزی لینڈ کے لیے جنید خان کی انجری کے پیش نظر فاسٹ بالر بلاول ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے جنید خان کی انجری کے پیش نظر فاسٹ بالر بلاول بھٹی کو اضافی بالر کے طور پر ٹیم میں شامل کر لیا ۔جنید خان گزشتہ ہفتے ٹریننگ کیمپ کے دوران پھلسنے سے انجری کا شکار ہو گئے تھے۔فاسٹ بالر کا ایم آر آئی اسکین کرایا گیا تھا جہاں پی سی بی ڈاکٹرز کے مطابق ان کی رپورٹ تسلی بخش تھی اور وہ پہلے سے بہتر محسوس کررہے ہیں۔

ابھی تک جنید خان مکمل فٹ نہیں ہو سکے۔صورتحال کو دیکھتے ہوئے بورڈ نے جنید کے ساتھ ساتھ بلاول بھٹی کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے اور اگر جنید خان فٹ نہ ہو سکے تو ورلڈ کپ میں بلاول کو قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔چیف سلیکٹر معین خان نے کہا ہے کہ اگر جنید خان فٹ ہوئے تو انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ضرور بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اگر ٹیم فزیو کی رپورٹ کے مطابق جنید نیوزی لینڈ سفر نہیں کرسکیں گے اور ڈاکٹر سہیل ندیم کی زیر نگرانی پاکستان میں ان کا انجری سے بحالی کا عمل جاری رہے گا۔

معین نے بتایا کہ کپتان مصباح الحق کی درخواست پر چیئرمین شہریار خان نے بلاول بھٹی کو ٹیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔جنید خان ایک عرصے سے انجری مسائل سے دوچار ہیں۔انہیں اس سے قبل قبل آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن دائیں گھٹنے میں تکلیف کے سبب وہ دوبارہ ان فٹ ہو کر ٹیم سے باہر ہو گئے تھے۔ایک بار فٹنس حاصل کرنے کے بعد انہیں ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا لیکن تربیتی کیمپ میں پھسلنے کے سبب وہ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

بلاول بھٹی کو آٹھ ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے لیکن ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں وہ 59 کی بھاری اوسط سے صرف پانچ وکٹیں لے سکے ہیں۔انہوں نے آخری مرتبہ ایشیا کپ میں ہونے والے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی لیکن اس کے بعد کارکردگی میں عدم تسلسل اور فٹنس مسائل کے سبب وہ ایک روزہ الیون کا حصہ نہ بن سکے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹی نے کہا کہ ورلڈ کپ میں شمولیت کا سو فیصد امکان ہے ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے وہ ایک دو دن میں روانہ ہوں گے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں 25اور 27جنوری کو وارم اپ میچز کھیلنے کے بعد 31جنوری اور تین فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچز کھیلے گی ۔ 4فروری کو پڑاؤ سڈنی میں ہو گا جہاں ٹریننگ کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے اور پاکستان ٹیم 9اور11فروری کو بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے گی ۔ورلڈ کپ میں پاکستان کا پہلا میچ 15 فروری کو بھارت سے ایڈیلیڈ میں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :