ایدھی،ریسکیو1122اور دیگر ہسپتالوں کی ایمبولینسیز کو تیل کی مسلسل فراہمی کیلئے 11پٹرول پمپس مختص ،

ضلعی انتظامیہ نے شہر میں کھلا پٹرول فروخت کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے 4 سکواڈز تشکیل دئیے ہیں‘ محمد عثمان

بدھ 21 جنوری 2015 20:16

ایدھی،ریسکیو1122اور دیگر ہسپتالوں کی ایمبولینسیز کو تیل کی مسلسل فراہمی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء) ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ شہر کے تمام پٹرول پمپس پر پٹرول کی سپلائی اور فروخت کو ڈی سی او آفس میں بنائے گئے کنٹرول روم سے مانیٹر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کو شہر کے کسی بھی پٹرول پمپ پر اوورچارجنگ کا سامنا کرنا پڑے تو وہ ضلعی انتظامیہ کے بنائے گئے کنٹرول روم کے فون نمبر042-99214191پر اطلاع دے۔

ضلعی انتظامیہ کا کنٹرول روم مسلسل 24گھنٹے کام کر رہا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کنٹرول روم میں مانیٹر کرنے کے طریقہ کاراور پٹرول کی سپلائی و فروخت کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اے ڈی سی(آر) عرفان نواز میمن،ایم پی اے میاں نصیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے بتایا کہ کنٹرول روم میں مختلف تیل کمپنیوں کے نمائندگان 24گھنٹے موجود رہتے ہیں جو کہ ماچھیکے آئل ڈپو سے رابطہ کر کے شہر کے پٹرول پمپس پر سپلائی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

اسی طرح سرکاری ملازمین کو پٹرول پمپس پر تعینات کیا گیا ہے جو کہ سپلائی ہوینوالے پٹرول کی فروخت کو یقینی بنارہے ہیں۔ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے شہر میں کھلا پٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے 4 سکواڈز تشکیل دئیے ہیں جو کہ فیلڈ میں موجود رہیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ایک سکواڈ شاد باغ اور اس سے ملحقہ علاقوں کو چیک کرے گااوردوسرا سکواڈ فیروز پور روڈ اور ملحقہ آبادیوں کو چیک کرے گا اسی طرح تیسرا سکواڈ باغبانپورہ ،ہربنس پورہ اور اس کے ملحقہ علاقوں اورچوتھا سکواڈ گجر پورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کو چیک کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ایدھی،ریسکیو1122اور دیگر ہسپتالوں کی ایمبولینسیز کو تیل کی مسلسل فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف حصوں میں11پٹرول پمپس مختص کیے ہیں جہاں پر ان کو ترجیحی بنیادوں پر تیل فراہم کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :