سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ انتقال کرگئے

جمعہ 23 جنوری 2015 10:50

سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ انتقال کرگئے

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جنوری2015ء)سعودی عرب کےفرماں روا شاہ عبداللہ انتقال کرگئے ۔ ان کی عمر 91 برس تھی اور وہ کئی روز سے اسپتال میں زیر علاج تھے ۔اُن کے بھائی شاہ سلمان بن عبدالعزیز مملکت کے نئے فرماں روا بن گئے ہیں ۔ان کی حلف برداری کی تقریب آج بعد نماز عشاء ہوگی ۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ نمونیا کے مرض میں مبتلا تھے ۔

انہیں دسمبر کے آخر میں ریاض کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ۔ شاہی خاندان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شاہ عبداللہ کا انتقال رات 1 بجے ہوا ۔ان کی نماز جنازہ آج ریاض کی جامع مسجد الامام ترکی بن عبداللہ میں عصر کے نماز کے بعد ادا کی جائے گی ۔ شاہی خاندان کے بیان میں کہا گیا کہ شاہ عبداللہ کے انتقال کے بعد ان کے بھائی ولی عہد سلمان بن عبدالعزیز مملکت کے فرماں روا بن گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کی حلف برداری کی تقریب آج ریاض پیلس میں ہو گی۔شاہ سلمان کی عمر 79 برس ہے اور انہیں 2012 میں شہزادہ نائف بن عبدالعزیز کی وفات کے بعد ولی عہد نامزد کیا گیا تھا ۔ مارچ 2014 میں شاہ عبداللہ نے شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز کو ولی عہد دوم نامزد کیا تھا ۔شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال سے قبل ان کے انتقال کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھیں۔ شاہی خاندان کے ایک رکن اور سعودی پریس ایجنسی کے صحافی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں ان اطلاعات کی تردید کی تھی ۔