Live Updates

سپیکرنے تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن روک لیا

جمعہ 23 جنوری 2015 11:19

سپیکرنے تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جنوری2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں موجود 4 اراکین کے استعفیٰ الیکشن کمیشن کو نہیں بھجوائے گئے ۔تفصیلات کے مطابق احتجاج کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخواہ کے علاوہ قومی و صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا ۔لیکن کسی اسمبلی کے سپیکر نے ان کے استعفوں کو منظور نہیں کیا۔

سندھ اسمبلی کے سپیکر آغا سراج درانی نے اسمبلی میں موجود تحریک انصاف کے 4 اراکین کے استعفیٰ کو منظور کرنے میں پہل کی لیکن پیپلز پارٹی کی قیادت نے ان کے اس فیصلے پر برہمی کا اظہار کر دیا ۔ جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام اراکین کو ذاتی حیثیت میں طلب کر کے استعفوں کی تصدیق کے بعد ہی الیکشن کمیشن کو نوٹیفکیشن بھجوایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ شخصیت کے کہنے پر تحریک انصاف کے اراکین کی جانب سے دیے گئے استعفوں کے نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کو نہیں بھجوائے گئے ۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بھی سپیکر کی جانب سے نوٹیفکیشن نہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سندھ اسمبلی میں موجود تحریک انصاف کے 4 اراکین کے مستعفی ہونے کا نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔یاد رہے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے تحریک انصاف کے اراکین کے استعفیٰ 21 جنوری کو منظور کر لیے تھے لیکن تاحال الیکشن کمیشن کو استعفیٰ منظور کرنے کا نوٹیفکیشن نہیں بھجوایا گیا۔واضح رہے جب تک الیکشن کمیشن کو نوٹیفکیشن نہیں بھجوایا جائے گا سپیکر کی جانب سے استعفیٰ منظور کرنے کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات