Live Updates

جوڈیشل کمیشن 2 گھنٹوں میں بن سکتا ہے لیکن تحریک انصاف من پسند نتائج چاہتی ہے :احسن اقبال

جمعہ 23 جنوری 2015 15:14

جوڈیشل کمیشن 2 گھنٹوں میں بن سکتا ہے لیکن تحریک انصاف من پسند نتائج ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جنوری2015ء) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کا قیام 2 گھنٹوں میں ہوسکتا ہے لیکن تحریک انصاف من پسند نتائج کیلئے اپنی مرضی کا کمیشن چاہتی ہے ۔ وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منظم دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیار ہیں لیکن تحریک انصاف اپنی مرضی کے جوڈیشل کمیشن کا قیام اور من پسند نتائج چاہتی ہے جو قابل قبول نہیں ۔

تحریک انصاف رضامندی کا اظہار کرے تو جوڈیشل کمیشن 24 کے بجائے 2 گھنٹوں میں بن سکتا ہے جو منظم دھاندلی کی تحقیقات کرے گا ۔ حکومت آئین اور قانون کے منافی فیصلہ ماننے کو تیار نہیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ لاہور کے حلقے میں 25 ہزار کائونٹرز فائلز پر مہر نہ ہونا انتظامی غلطی ہے ۔ عمران خان منظم دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے سے پیچھے ہٹ رہے ہیں اور معمولی انتظامی غلطیوں کو بنیاد بنا کر دھاندلی کا کیس بنانا چاہتے ہیں ، حکومت مشاورت کے بغیر ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی ۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ رواں سال ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کا فی الحال کوئی امکان نہیں ، حکومت نئے بجٹ میں سکولوں کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی فنڈز رکھے گی اور سکولوں کی چار دیواری اور دیگر ترقیاتی انتظامات کئے جائینگے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات