Live Updates

(ن) لیگ پیپلزپارٹی رابطے ،سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے چار ارکان کے استعفوں کا معاملہ التواء کا شکار ہوگیا،

اسمبلی سیکرٹریٹ نے سپیکر کی جانب سے استعفوں کے منظوری کے اعلان کے باوجود الیکشن کمیشن کے پاس نہیں بھیجا ، استعفوں کی منظوری کے معاملے پر بعض قانونی پیچیدگیاں پیدا ہوگئی ہیں ،جائزہ لیا جارہا ہے،ذرائع سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ

جمعہ 23 جنوری 2015 19:02

(ن) لیگ پیپلزپارٹی رابطے ،سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے چار ارکان کے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23جنوری۔2015ء) مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان رابطے کے بعد مفاہمتی پالیسی کے تحت سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے چار ارکان کے استعفوں کا معاملہ التواء کا شکار ہوگیا ہے اور ان استعفوں کے بارے میں تاحال الیکشن کمیشن کو آگاہ نہیں کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے دو روز قبل سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے چار ارکان اسمبلی ثمر علی خان ،خرم شیر زمان ،سید حفیظ الدین اور ڈاکٹر سیما ضیاء کے استعفے منظور کرنے کا اعلان کیا تھا ۔

اس اعلان کے بعد ملک کی سیاسی فضا میں ہلچل پیدا ہوگئی تھی اور وفاقی حکومت کے اہم حلقے اس حوالے سے متحرک ہوگئے تھے ۔ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا پیپلزپارٹی کی اعلیٰ شخصیت سے رابطہ ہوا ہے ،جس میں انہیں کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر عملدرآمد فی الحال روک دیا جائے ۔

(جاری ہے)

اس رابطے کے بعد پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اسپیکر آغا سراج درانی کو اہم ہدایات جاری کی ہیں اور انہوں نے فی الحال ان استعفوں کو الیکشن کمیشن میں بھیجنے سے روک دیا ہے ،جس کے بعد یہ معاملہ التواء کا شکار ہوگیا ہے اور اسمبلی سیکرٹریٹ نے اسپیکر کی جانب سے استعفوں کے منظوری کے اعلان کے باوجود ان کو الیکشن کمیشن کے پاس نہیں بھیجا ہے ۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ تحریری طور پر استعفوں کی منظوری کے حوالے سے دستاویزات نہیں بھیجے گا استعفوں کی منظوری کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جاسکتا ہے ۔اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان استعفوں کی منظوری کے معاملے پر بعض قانونی پیچیدگیاں پیدا ہوگئی ہیں ،جن کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔امکان ہے کہ استعفوں کی منظوری کے تحریری احکامات جاری کرنے سے قبل ان تمام ارکان اسمبلی کو اسپیکر دوبارہ طلب کرسکتے ہیں اور ان کے موجودہ فیصلے میں اگر قانونی تقاضے پورے نہیں ہوئے تو منظوری کے فیصلے میں ردوبدل ہوسکتا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات